Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باحہ ریجن کے جنوبی قریے الملد کی تاریخی مسجد 

مسجد باحہ ریجن کی 3 قدیم مساجد میں سے ایک ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں باحہ ریجن کے جنوبی قریے الملد کی تاریخی مسجد کی توسیع، تجدید اور تزئین مکمل کی گئی ہے۔
یہ سعودی عرب کے 10 علاقوں میں ان 30 مساجد میں سے ایک ہے جن کی تجدید، تزئین و توسیع اور جزوی تعمیر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تاریخی منصوبے کے تحت کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الملد تاریخی مسجد 1945 میں تعمیر کی گئی تھی۔ یہ علاقے کی تاریخی مساجد میں سے ایک ہے۔  

مسجد کی تعمیر میں پتھر استعمال ہوئے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

الملد قریہ باحہ ریجن کا قدیم ترین ہے۔ اس کا قلعہ اپنی ایک تاریخ رکھتا ہے۔ قلعہ وادی الملد پر سایہ فگن سطح مرتفع پر بنا ہوا ہے۔ یہاں ایک دوسرے کے برابر میں واقع دو قلعے منفرد فن تعمیر کی علامت ہیں۔ مسجد باحہ ریجن کی 3 قدیم مساجد میں سے ایک ہے۔
یہ قریے کی واحد مسجد ہے۔ اس میں لکڑی کے ایک ستون پر تعمیر کی تاریخ 1945 لکھی ہوئی ہے۔ یہ مسجد قریے کے باشندوں کے لیے علمی و ثقافتی مرکز کا بھی کام دیتی رہی ہے۔
یہاں تعلیم کی کلاسیں ہوتی رہیں، قریے کے لوگ قرآن کریم پڑھنے ، لکھنے اور سیکھنے کے لیے مسجد آتے تھے۔ مقامی باشندے یہاں سماجی مسائل کے حل کے لیے بھی جمع ہوتے تھے۔ 

عمارت کے علاوہ اس کا ایک کھلا صحن بھی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

الملد مسجد باحہ شہر کے جنوب میں بلجرشی کمشنری جانے والے روڈ پر شہر سے 3 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
مسجد کی تعمیر میں پتھر استعمال ہوئے ہیں۔ اس کی چھت علاقے کے معروف درخت العرعر کے تنوں سے بنائی گئی ہے۔ اس کا کل رقبہ 90 مربع میٹر ہے اور 34 نمازیوں کی گنجائش ہے۔  
تجدید کے بعد مسجد میں وضو خانے، طہارت خانے بنائے گئے ہیں۔ عمارت کے علاوہ اس کا ایک کھلا صحن بھی ہے۔ 

شیئر: