Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے لیے نامزد نئے پاکستانی سفیر ریاض پہنچ گئے

لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر سنہ 2014 میں ڈی جی رینجرز سندھ بھی رہ چکے ہیں۔ (فوٹو: پاکستانی سفارتخانہ ریاض)
سعودی عرب کے لیے نامزد پاکستان کے نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر ریاض پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی سفارت خانہ ریاض کے مطابق نئے پاکستانی سفیر نے پاکستانی سفارت خانے میں سبکدوش ہونے والے سفیر راجہ علی اعجاز سے ملاقات بھی کی۔
خیال رہے کہ سفیر راجہ علی اعجاز نے کچھ روز قبل ایک الوداعی پیغام جاری کیا تھا۔ جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ’لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہوں گے۔‘
اپنے پیغام میں انھوں نے نئے سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں اب ذمہ داریاں انتہائی تجربہ کار جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر کو سونپ کر جا رہا ہوں، مجھے یقین ہے ان کی قیادت میں ہمارے دو قومی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔‘

نئے پاکستانی سفیر کون ہیں؟

سعودی عرب کے لیے نامزد نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر دسمبر 2020 میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کے چئیرمین کے طور پر پاک فوج سے ریٹائر ہوئے۔ اس سے قبل وہ کمانڈر 10 کور تھے، جسے کور کمانڈر راولپنڈی کہا جاتا ہے۔ اس دوران آرمی چیف نے انھیں کرنل کمانڈنٹ آف مجاہد فورس بھی تعینات کیا۔
سنہ 2016 میں تھری سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انھیں چیف آف جنرل سٹاف تعینات کیا گیا تھا۔
سنہ2014 میں جب وفاقی اور صوبائی حکومت نے کراچی میں امن بحال کرنے کے لیے آپریشن کا آغاز کیا اور رینجرز کو خصوص اختیارات دیے تو اس وقت بلال اکبر میجر جنرل تھے۔ انھیں اس وقت ڈی جی رینجرز تعینات کر کے کراچی بھیجا گیا۔
ان کی قیادت میں رینجرز نے کراچی میں امن کی بحالی میں کردار ادا کیا۔ اس سے قبل وہ لاہور میں 11 ویں ڈویژن میں بطور جی او سی فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
بلال اکبر کا تعلق سیالکوٹ کے گجر خاندان سے ہے۔ انھوں نے سنہ 1984 میں پی ایم اے کاکول اکیڈمی میں داخلہ لیا اور سنہ 1986 میں 73 ویں لانگ کورس میں اے کلاس کارکردگی دکھاتے ہوئے پاس آوٹ ہوئے۔ پاک فوج میں ان کی پہلی تعیناتی آرٹلری رجمنٹ میں بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ ہوئی تھی۔

شیئر: