Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ڈیم ایم چھوڑنے والوں سے نظرثانی کی اپیل پر قائم ہیں: فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے نزلہ عوام پر گرتا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ڈیم اپنی پوری قوت کے ساتھ موجود ہے۔
سوموار کو اسلام آباد میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے کچھ ساتھیوں نے غلط انداز کے ساتھ پی ڈی ایم چھوڑنے کی بات کی ہے۔ لیکن ہم نے ان سے جو نظر ثانی کی اپیل کی ہے، اس پر اب بھی قائم ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے پی ڈیم ایم سے نکلنے کے حوالے سے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ وہ اس صورتحال پر نظر ثانی کریں۔ اگر انہوں نے غلطی کی ہے، تو غلطی قبول کر لینا اور اکثریت کی رائے کو جو جمہوری رائے ہوتی ہے، اسے قبول کر لینا، اصل میں جمہوریت کے تقاضے ہیں۔ جو ہم سمجھتے ہیں کہ پورے ہونے چاہیے۔‘
انہوں نے پاکستانی پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ’ان کے ساتھ مثبت لب و لہجے میں بات کی جا سکتی ہے۔ جو رویہ انہوں نے اپنایا ہے وہ کس جمہوریت کے تقاضوں کو پورا کرتا ہے؟‘
اس سے قبل مولانا فضل الرحمن نے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ کورونا کا رونا رویا جا رہا ہے، لاک ڈاؤن کیے جا رہے ہیں۔ اس وقت جب مخلتف ممالک نے ویکسین بنا لی ہے، ہم آج تک ایک پیسے کی دوائی بھی ملک میں نہیں لا سکے۔
جے یو آئی کے سربراہ نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’22 کروڑ آبادی کے لیے کہتے ہیں کہ کوئی 10 لاکھ ویکسین آ رہی ہے۔ یہ کس کے ہاتھ میں جائے گی۔ حکمران طبقے سے وابستہ لوگ ہی اس کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔ کورونا کی وجہ سے نزلہ عوام پر گرتا ہے۔‘

شیئر: