Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں قیام اللیل کے لیے پرمٹ ’توکلنا‘ ایپ پر بھی

پرمٹ کے بغیر حرم شریف میں داخل نہیں ہو سکتے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ’قیام اللیل‘ کے لیے پرمٹ کے حصول کی سہولت ’توکلنا ‘ ایپ پربھی فراہم کردی گئی ہے۔  اس سے قبل ’توکلنا ‘ پر عمرہ پرمٹ کی سہولت بھی فراہم کی جاچکی ہے۔
ویب نیوز ’اخبار 24 ‘ نے وزارت حج و عمرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں مملکت کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں لوگ عمرہ و نماز باجماعت کی ادائیگی کےلیے حرم مکی الشریف آتے ہیں اس حوالے سے وزارت حج و عمرہ نے ’سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی ‘ (سدایا) کے تعاون سے ’اعتمرنا ایپ‘ کے ذریعے عمرہ پرمٹ کی سہولت جاری کی تھی۔

رمضان میں مملکت کے تمام ریجنز سے لوگ عمرہ ادا کرنے آتے ہیں(فوٹو،ایس پی اے)

کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے عمرہ زائرین کی تعداد کو محدود رکھنے کا مقصد مسجد الحرام میں آنے والوں کو منظم انداز میں عمرہ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
منظم طورپر آنے والے عمرہ زائرین کو قبل ازیں ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے ہی عمرہ پرمٹ جاری کیاجاتا تھا بعدازاں یہ سہولت  ’توکلنا‘ایپ پر بھی فراہم کی گئی۔
توکلنا ایپ پر فراہم کی جانے والی سہولت میں اب مزید اضافہ کرتے ہوئے رمضان المبارک کے آخری عشرے کی مناسبت سے ’شبینہ ‘ (قیام اللیل) کے لیے آنے والوں کو پرمٹ کی خصوصی سہولت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد ماہ مبارک کے آخری عشرے کی مبارک ساعتوں سے فیض یاب ہو سکے۔
واضح رہے مملکت میں کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ برس مکمل طورپر کرفیو اور لاک ڈاون تھا جس کی وجہ سے کسی کو رمضان المبارک میں عمرہ ادا کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ امسال کورونا پر کافی حد تک قابو پالینے کے بعد رمضان المبارک میں محدود تعداد کے مطابق عمرہ پرمٹ جاری کیے جاتے ہیں۔

پرمٹ کے مراحل کو آسان بنایا گیا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

پرمٹ کے بغیر حرم شریف جانے کی اجازت نہیں ہوتی ۔ پرمٹ عمرہ کی ادائیگی یا نماز باجماعت کے لیے جاری کرایا جاتا ہے جس میں وقت اور دورانیے کا تعین کیاجاتا ہے۔
پرمٹ کے حصول کے مرحلے کو آسان رکھا گیا ہے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پرمٹ کی کوئی فیس وغیرہ بھی نہیں۔   

شیئر: