Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں اندرون اور بیرون ملک کے لیے عمرہ ضوابط

عمرہ پرمٹ کے لیے ’محفوظ‘ کیٹیگری میں ہونا بنیادی شرط ہے (فوٹو: ایس پی اے)
وزارت حج عمرہ نے خلیجی ممالک کے شہریوں کے لیے عمرہ پروگرام کی شرائط جاری کر دی ہیں ۔ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ایسے شہریوں کو عمرہ پرمٹ جاری کیا جا سکے گا جو ’محفوظ‘ کی شرط پرپورا اترتے ہوں۔
دوسری جانب نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ ’مقررہ ضوابط کے تحت اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ’توکلنا اور اعتمرنا‘ ایپ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔‘
ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے لیے عمرہ ویزے پر آنے والوں کے لیے عمرہ پرمٹ جاری کرنے کے نکات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’خلیجی ممالک سے آنے والوں کے لیے لازمی ہے کہ انہوں نے کورونا سے بچاؤ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے منظور شدہ ویکسین کا کورس مکمل کیا ہو۔‘

 توکلنا اور اعتمرنا ایپ سے عمرہ پرمٹ کا حصول انتہائی آسان ہے (فوٹو: ایس پی اے)

وزارت حج وعمرہ کی جانب سے مکہ آنے کے بعد خلیجی ممالک کے شہریوں کو عمرہ پرمٹ جاری کرنے کے حوالے سے جو نکات مقرر کیے ہیں ان کی پابندی کرنا لازمی ہوگا۔
خلیجی ممالک کے شہریوں کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ مکہ میں قائم نگہداشت کے مرکز سے عمرہ کی ادائیگی سے کم از کم چھ گھنٹے قبل رجوع کریں جہاں ان کی میڈیکل ہسٹری دیکھنے کے بعد ’محفوظ‘ کیٹیگری کی تصدیق کی جائے گی۔
محفوظ کیٹیگری کی تحقیق ہونے کے بعد عمرہ زائر کو مخصوص ’ڈیجیٹل کڑا ‘ دیا جائے گا جس میں ان کے بارے میں مکمل کمپیوٹرائزڈ معلومات موجود ہوں گی۔  
وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط کا کہنا ہے کہ ’رمضان میں عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے مقررہ ضوابط کے تحت احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔‘
وزیر حج وعمرہ کا مزید کہنا تھا کہ ’وزارت حج و عمرہ کی اولین ترجیح احتیاطی ضوابط پرعمل درامد کرانا اورمقررہ ایس او پیز کے تحت عمرہ زائرین کو جملہ سہولتیں فراہم کرنا ہے۔‘
ڈاکٹر مشاط نے اس امر کی بھی یقین دہانی کرائی کہ رمضان  میں آنے والےعمرہ زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر حرم مکی الشریف میں متعین کارکنوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ حرم شریف میں کام کرنے والوں کے لیے لازمی ویکسین اصول کو یقینی بنایا گیا ہے۔

احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

نائب وزیر حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ اندرون اور بیرون ملک سے عمرہ کرنے کے خواہاں مقررہ شرائط کے تحت مخصوص ایپ ’اعتمرنا اور توکلنا ‘ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر مشاط نے اس امر پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ’رمضان میں عمرہ ادا کرنے کے خواہش مند سوشل میڈیا پرعمرہ پرمٹ جاری کرانے کے دعویداروں سے ہوشیاررہیں۔ اعتمرنا اور توکلنا ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ کا حصول انتہائی آسان بنایا گیا ہے۔‘

شیئر: