Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں آب زم زم  کے متحرک کولرز کی سہولت

متحرک کولرمیں 80 لیٹر جبکہ ’شولڈرکولر‘ کی گنجائش کم ہوتی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے مسجد الحرام میں آنے والوں کو آب زمزم فراہم کرنے کےلیے خصوصی متحرک کولرز کی سہولت فراہم کردی ہے۔
متحرک کولرز کی تعداد 50 ہے جبکہ ہرکولر میں 80 لیٹرآب زم زم کی گنجائش ہے۔ سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد الحرام کی انتظامیہ نے صحن مطاف اور حرم شریف کے اندر مختلف مقامات پر عمرہ زائرین اور دیگر افراد کی سہولت کےلیے خصوصی طورپر تیار کردہ متحرک کولرز متعارف کرائے ہیں۔

ابتدائی طورپرمسجد الحرام میں 50 متحرک کولرز فراہم کیے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

انتظامیہ کے مطابق ابتدائی طورپرمتحرک کولز کی تعداد کم ہے تجرباتی مرحلے کے بعد انکی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ متحرک کولرز کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا بھی آسان ہے ۔
کولرز کو خصوصی طورپرمسجد الحرام کے لیے تیار کرایا گیا ہے جو اسٹیل سے بنائے گئے ہیں ۔ ہرکولرمیں پانی نکالنے کےلیے دوالیکٹرانک ٹوٹیاں ہیں ۔
 متحرک کولرز میں ٹھنڈا اور سادہ دنوں طرح کا پانی موجود ہے ۔ کولرز کو مستقل بنیادوں پر سینیٹائز کیاجاتا ہے تاکہ کسی قسم کے جراثیموں کے جمع ہونے کا شائبہ نہ رہے۔
واضح رہے کورونا وائرس کے بعد سے مسجد الحرام کے اندراور بیرونی صحنوں میں رکھے گئے روایتی کولز ہٹا دیے گئے ہیں جس کے بعد مسجد کے اندر آب زم زم فراہم کرنے کےلیے کارکنوں کو ’شولڈربیگز‘ دیئے گئے ہیں جن میں زمزم کی بوتلیں رکھی ہوتی ہیں علاوہ ازیں شولڈربیگز کی طرز پر ہی کولرز کی سہولت بھی موجود ہے جسے کارکن اپنے کندھے پر پہن کرزائرین کو آب زمزم فراہم کرتے ہیں۔

 سیل پیک بوتلوں کے ذریعے بھی آب زم زم فراہم کیاجاتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

متحرک کولرز متعارف کرائے جانے  سے کارکنوں کو بھی آرام ہوگا اور انہیں شولڈر بیگز کی طرز کے کولرز اٹھانا نہیں پڑیں گے جبکہ نئے متعارف کرائے جانے والے کولرز میں پانی کی گنجائش بھی کافی زیادہ  ہے۔

شیئر: