Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: عید خریداری، سماجی فاصلے کے اصول پرعمل مشکل  

مارکیٹوں میں ازدحام پر لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا(فوٹو، ٹوئٹر)
عید الفطر کی خریداری کےلیے مارکیٹوں میں بڑھتے ہوئے ازدحام پر لوگوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماجی فاصلے کے اصول پرہرحالت میں عمل کرایا جائے تاکہ کورونا سے محفوظ رہ سکیں۔
سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ نے جدہ کی روایتی مارکیٹوں میں کیے جانے والے سروے کے حوالے سے کہا ہے کہ مارکیٹوں میں خریداری کےلیے آنے والے سماجی فاصلے کے اصول پرقطعی طور پرعمل نہیں کررہے جس کی وجہ سے یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ نہ ہو جائے۔

لوگوں کا فرض ہے کہ وہ مقررہ ضوابط پرعمل کریں(فوٹوئ، ٹوئٹر) 

ویب نیوز اخبار 24 نے ٹی وی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے خیال ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے وزارت صحت کے مقرر کردہ سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرانے کے لیے متعلقہ اداروں کی ٹیمیں روایتی مارکیٹوں پرخصوصی توجہ دیں۔
اس بارے میں خریداری کے لیے آنے والوں کا بھی کہنا تھا کہ مارکیٹوں میں غیر معمولی ازدحام کی وجہ سے سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنا ممکن نہیں رہا۔ بعض افراد حفاظتی ماسک کی بھی خلاف ورزی کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ لوگوں نے تفتیشی اداروں کی موجودگی اور پرسوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس قدر ازدحام کے باوجود متعلقہ ادارے مارکیٹوں میں نظم وضبط رکھنے کےلیے کارروائی نہیں کررہے۔
واضح رہے وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے محفوظ رہنے کےلیے سماجی فاصلے کے اصول پرسختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال نہ کرنا بھی خطرے کا سبب بن سکتا ہے۔
وزارت صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے مارکیٹوں میں تفتیشی دورے کیے جاتے ہیں تاہم لوگوں کا فرض ہے کہ وہ قوانین پرسختی سے عمل کریں تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے

شیئر: