Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان اور ابوظبی کے ولی عہد کی ملاقات

شیخ محمد بن زاید بدھ کو سعودی عرب کے دورے پر پہنچے تھے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ولی عہد ابوظبی اور متحدہ عرب امارات کی افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید نے بدھ کو ملاقات کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے برادرانہ تعلقات، مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون اور انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔

بین الاقوامی اور علاقائی حالات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)

بین الاقوامی اور علاقائی حالات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
اس موقع پر ولی عہد ابوظبی کے ہمراہ آنے والا وفد بھی مذاکرات میں شریک ہوا۔ وفد میں قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون  بن زاید آل نہیان، قومی سلامتی کی سپریم کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علی الشامسی، سعودی عرب میں متعین اماراتی سفیر شیخ نہیان بن سیف آل نہیان اور سیکریٹری ایوان ولی عہد ابوظبی محمد المزروعی شامل تھے۔ 
سعودی عرب کی طرف سے وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد، نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، اور وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان شریک ہوئے۔
ابوظبی کے ولی عہد نے امارات کے صدر شیخ  خلیفہ بن زاید آل نہیان کی جانب سے شاہ سلمان کے لیے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا جبکہ شہزادہ محمد بن سلمان نے خادم حرمین شریفین کی طرف سے اماراتی صدر کے لیے خیر سگالی کا پیغام پیش کیا۔ 
شیخ محمد بن زاید بدھ کو سعودی عرب کے دورے پر جدہ پہنچے تھے۔ سعودی ولی عہد نے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ جدہ پہنچ کر ان کا خیرمقدم کیا تھا۔ 

شیئر: