Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملازمت کے بغیر سوشل انشورنس میں کارکن کے اندراج پر 20 ہزار ریال جرمانہ

آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ ناحق معاوضہ دلانے پر معاوضے کی رقم کے بقدر جرمانہ ہوگا۔ (فوٹوٹوئٹر)
سعودی عرب میں جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس نے آجروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملازمت کے بغیر سوشل انشورنس میں کسی بھی کارکن کا اندراج نہ کرائیں۔ ملازمت کے بغیر اندراج کرانے پر آجر پر 20 ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس نے کہا کہ اگر حقیقی ملازمت کے بغیر کسی ملازم کا کسی آجر نے اندراج کرایا تو اس صورت میں تحقیقاتی کمیٹی حقیقت دریافت کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔
آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ ’اگر رپورٹ میں یہ بات کہی گئی کہ آجر اور اجیر کے درمیان ملازمت کا رشتہ فرضی ہے حقیقی نہیں تو ایسی صورت میں آجر پر متعلقہ مدت کے زراشتراک سے دگنی رقم یا بیس ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا ان میں سے جو زیادہ ہوگا وہی نافذ کیا جائے گا۔‘
آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ ناحق معاوضہ دلانے پر معاوضے کی رقم کے بقدر جرمانہ ہوگا۔ معاوضے کی رقم واپس لی جائے گی اور رجسٹرڈ شراکت کی مدت منسوخ کردی جائے گی۔ 
بیان میں آرگنائزیشن نے کہا کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے تعاون سے ایسے اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو حقیقی ملازمت کے بغیر کارکنان کا اندراج کرائے ہوئے ہوں۔

شیئر: