Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سے بحرین جانے کےلیے ضوابط کیا ہیں؟

صحت حکام کی سفارشات کی بنیاد پر ضوابط مقرر کیے گئے ہیں۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت داخلہ نے بحرین جانے کے لیے سفری ضوابط سے متعلق وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے کہا کہ’ 18 برس سے زیادہ عمر کے سعودی شہریوں کو بحرین سفر کی اجازت ہوگی‘۔
سعودی عرب نے مفاد عامہ کے تحفظ اور متعلقہ صحت حکام کی سفارشات کی بنیاد پر بحرین سفر کے لیے ضوابط مقرر کیے ہیں۔ 
 ضوابط میں کہا گیا ہے کہ’ سفر کرنے والے کی عمر 18 برس سے زیادہ ہونی چاہیے۔ ویکسین لگوا لی ہو اور توکلنا ایپ میں اس کا سٹیٹس موجود ہو‘-
 بیان کے مطابق سفر کے لیے ضروری ہے کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہوں یا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد صحت یاب ہوچکا ہو۔ ویکسین کی ایک خوراک لینے والے کو اجازت نہیں ہوگی۔ 
بیان میں کہا گیا کہ’ ان پابندیوں سے سفارتی ویزا ہولڈرز، سفارتکار اور ان کے اعزہ، سرکاری وفود، فضائی عملہ، بحری جہازوں کا عملہ، ٹرک ڈرائیور اور ان کے معاونین اور صحت رسد سے تعلق رکھنے والے افراد مستثنی ہوں گے‘۔ 
وزارت داخلہ کے عہدیدار نے پھر ہدایت کی کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر اور ایس او پیز کی پابندی کریں۔ سماجی فاصلے، ماسک، ہاتھوں کو بار بار دھونے اور مقررہ پروٹوکولزپر عملدرآمد کے سلسلے میں لاپروائی نہ برتیں۔ 
الاخباریہ اور سبق کے مطابق سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والے کنگ فہد پل پر گزشتہ رات ایک بجے مسافروں کا اژدحام دیکھنے میں آیا تھا۔
سفری پابندیاں اٹھائے  جاتے ہی سیکڑوں افراد بحرین جانے کے لیے کنگ فہد پل پہنچ گئے تھے تاہم جیسے ہی نئی سفری پابندیاں منظرعام پرآئیں کنگ فہد پل سے سفر کرنے والوں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

 

 

شیئر: