Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان میں انتظامیہ نے جاوید ہاشمی کی ’کمرشل پراپرٹی‘ مسمار کر دی

اسسٹنٹ کمشنرنے وضاحت کی کہ کسی رہائشی عمارت کو نہیں گرایا گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملتان میں ان کے خاندان کی جائیدادوں کو حکومت نے مسمار کر دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات ٹویٹر پر بتائی اور کئی ایک ٹویٹ کئے جن میں کچھ عمارتوں کو منہدم کرنے کی ویڈیوز بھی اپ لوڈ کی گئی ہیں۔
پہلے ٹویٹ میں انہوں نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا ’پولیس نے میرے گھروں کو گھیر لیا ہے اور گرانا شروع کر دیا ہے۔ میں اپنی گرفتاری پیش کرنے جا رہا ہوں پوچھنے پر کوئی وجہ بھی نہیں بتائی جا رہی۔‘
اس کے تھوڑی دیر بعد ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’جاوید ہاشمی صاحب کی چادرچار دیواری پر حملہ ایک نیچ حرکت ہے۔ اور گھٹیا سوچ اور ذہنیت کی عکاس ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ جو چاہے کر لو، وقت بدل رہا ہے۔ اس وقت سے ڈرو جب اپنے بچاؤ کے لیے تمھارے پاس حکومت اور حکومتی طاقت نہیں رہے گی۔ انشااللہ فتح حق اور سچ کی ہو گی۔‘
انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
دوسری طرف ملتان کی ضلعی انتظامیہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’ضلعی انتظاامیہ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کردیا ہے اور مخدوم رشید کے موضع گھڑیالہ میں غیرقانونی کمرشل تعمیرات کے خلاف کاروائی شروع کر دی گئی ہے‘
جب کہ کاروائی کی قیادت کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے شادی ہالز اور کمرشل بلڈنگز مسمار کی جارہی ہیں۔ شادی ہالز کی تعمیر کے لئے تحصیل کونسل سے نقشہ کی منظوری حاصل نہیں کی گئی۔غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تمام کمرشل بلڈنگز کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔غیر قانونی تعمیرات اور اس کے نتیجے میں ٹیکس کی عدم ادائیگی سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ تمام غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کاروائی بلا امتیاز اور کسی بھی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر کی جارہی ہے۔‘
اسسٹنٹ کمشنرنے اس بات کی بھی وضاحت جاری کی کہ کسی رہائشی عمارت کو نہیں گرایا گیا اور نہ ہی چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے۔ ’انتظامیہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو انتہائی مقدم سمجھتی ہے۔‘
ان کے مطابق جو عمارتیں گرائی گئیں ہیں ان میں پولٹری شیڈ اور شادی ہال شامل ہیں۔

شیئر: