Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السعودیہ ہر ہفتے ریاض سے 153 اور جدہ سے 178 پروازیں چلائے گی

جدہ آنے جانے والی تمام پروازیں ٹرمینل نمبر ون سے آپریٹ کی جائیں گی۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ)  نے سعودی  شہریوں کے سفر پر عائد پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد 30 ممالک کے 43 ایئر پورٹس کے لیے پیر سے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق السعودیہ نے کہا کہ’ وہ ہر ہفتے ریاض سے معمول کی 153 پروازیں اور جدہ سے 178 شیڈول پروازیں چلائے گی۔‘
السعودیہ نے بتایا کہ ’اس کی پہلی بین الاقوامی پرواز جدہ سے ڈھاکہ کے لیے ہوگی۔ جہاں تک سعودی عرب آنے والی پہلی پرواز کی بات ہے تو قاہرہ سے ریاض، جکارتہ سے جدہ پروازیں آئیں گی۔‘
بیان کے مطابق ’السعودیہ نے 95 ایئرپورٹس میں سے 71 کے لیے پروازیں چلانے کی تیاریاں کی ہیں ان میں سے 28 نیشنل اور 43 انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے لیے ہوں گی۔‘
السعودیہ کا کہنا ہے کہ ’جدہ آنے جانے والی تمام پروازیں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر ون سے آپریٹ کی جائیں گی۔‘
السعودیہ کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر ابراہیم الغمر نے پیر کو ایئر پورٹ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ جدہ سے بیرون مملکت جانے والی پروازوں کے سعودی مسافروں سے بات چیت بھی کی۔ 
السعودیہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ’السعودیہ نے وبا شروع ہونے کے بعد سے اب تک ایک لاکھ سے زیادہ  پروازیں چلائی ہیں۔ ایک کروڑ سے زیادہ افراد نے سفرکیا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ قومی ایئرلائن نئے مرحلے کے لیے تیار ہے۔ پروازیں کبھی معطل نہیں ہوئیں جبکہ طیارے ہمیشہ آپریشن میں رہے۔‘

سعودی عرب میں پیر 17 مئی سے سفری پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

واضح رہے کہ سعودی عرب میں پیر 17 مئی رات ایک بجے سے سفری پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں۔ سعودی سعودی عرب کے ایئرپورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں سعودی شہریوں کے لیے کھول دی گئی ہیں۔
سبق ویب کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا گیا کہ ’وہی سعودی سفر کرسکیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔ ایک خوراک لینے والے وہ افراد بھی سفر کرنے کے اہل ہیں جو پہلی خوراک لینے کے بعد 14 دن گزار چکے ہوں۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کو بھی سفر کی اجازت ہوگی۔ اٹھارہ برس سے کم عمر کے سعودی شہریوں کو سفر کی مشروط اجازت ہے۔‘

شیئر: