Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین جے ایف-17 تھنڈر طیارے نائیجیرین فضائیہ کے حوالے

پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے با ضابطہ طور پر تین جے ایف-17 تھنڈر طیارے نائیجیرین فضائیہ کے حوالے کر دیے ہیں۔
جمعرات کو نائیجیرین ایئر فورس کی 57 ویں سالگرہ کے موقع پر نائیجیرین فضائیہ کے ماکودری بیس پر منعقدہ ایک تقریب میں تین جے ایف-17 تھنڈر طیارے باضابطہ طور پر نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کر دیے گے۔
اس موقع پر نائیجیریا کے وزیر دفاع میجر جنرل (ریٹائرڈ) بشیر مگاشی نے صدر کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی جبکہ پاک فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل سید نعمان علی کو تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔
پاکستانی فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ ’ہم سکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے نائیجیرین فضائیہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے، دو طرفہ تعاون اور شراکت داری کے لیے پاکستان اور پاک فضائیہ کے ممنون ہیں۔ آج ہم پاک فضائیہ سے حاصل کیے گئے جے ایف-17 لڑاکا طیاروں کی نائیجیرین فضائیہ میں شمولیت پر بے حد خوش اور پرجوش ہیں۔‘

  ایئر مارشل نے کہا کہ جے ایف-17 جیسے جدید لڑاکا طیارے کی شمولیت سے نائیجیرین فضائیہ کو حربی فوقیت ملے گی۔ (فوٹو: پی اے ایف)

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایئر مارشل سید نعمان علی نے کہا کہ آج کی تقریب نائیجیریا اور پاکستان کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ دونوں برادر ممالک مضبوط فوجی تعاون اور باہمی اعتماد کی تاریخی وابستگی رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جے ایف-17 جیسے جدید لڑاکا طیارے کی شمولیت سے نائیجیرین فضائیہ کو حربی فوقیت ملے گی۔

ایئر مارشل سید نعمان علی نے کہا دونوں برادر ممالک تاریخی وابستگی رکھتے ہیں۔ (فوٹو: پی اے ایف)

منفرد جنگی صلاحیتوں کے حامل فائٹر طیاروں کی یہ کھیپ نائیجیریا کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔
انہوں نے اس امر کی بھی یقین دہانی کروائی کہ پاکستان فضائیہ اور پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ مستقبل میں بھی نائیجیرین فضائیہ کی تمام ضروریات کو پورا کرنے میں معاون رہیں گے۔ 

شیئر: