پاکستانی خلا باز چین کے شین ژو-24 خلائی مشن میں شامل ہوں گے
پاکستانی خلا باز رواں سال چین کے شین ژو-24 خلائی مشن میں شامل ہوں گے۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ مشن بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون کا حصہ ہے۔
سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے چائنا مینڈ سپیس ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ چینی خلائی سٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اس مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر شریک ہوں گے۔
چین نے تاحال خلا باز کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم پاکستانی خلائی ادارے کے ایک عہدیدار نے ستمبر میں روئٹرز کو بتایا تھا کہ پائلٹ زیشان علی اور خرم داؤد مشن کی تیاری کے لیے بیجنگ میں واقع چائنہ آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں کئی ماہ سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
بیجنگ نے ابھی تک شین ژو-24 مشن کی روانگی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
سی سی ٹی وی کے مطابق مختصر مدت کے مداری سفر کے بعد پاکستانی خلا باز شین ژو-23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلا مشترکہ خلائی مشن ہوگا جس میں چینی اور غیر ملکی خلا باز ایک ساتھ حصہ لیں گے، اور اسے بیجنگ کی خلائی سفارت کاری میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔