Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کی نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات

ملاقات کے دوران اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب بھی موجود تھے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعے کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی صورتحال پر بات چیت کی۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون، فلسطین کی تازہ صورتحال اور بین الاقوامی امن اور سکیورٹی کے لیے ہونے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبداللہ بن یحییٰ المعلمی بھی موجود تھے۔
خیال رہے جمعرات کو فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطا ب میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا تھا کہ’ سعودی عرب مشرقی القدس سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے والے اسرائیلی اقدامات کو مسترد کرتا ہے' فلسطینی عوام پر اسرائیل کے جارحانہ  حملے بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہیں‘۔
فیصل بن فرحان نے کہا کہ’ فلسطینی عوام پر حالیہ  شدید جارحیت اور فلسطینیوں کی مسلسل حق تلفیاں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں‘۔
سعودی وزیر خارجہ  کا کہنا تھا کہ’ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کا منشور کسی اور کے علاقوں پر قبضے کو ناجائز قرار دیتا ہے جبکہ عالمی امن و سلامتی اور استحکام کو خطرات میں ڈالنے والے ہر عمل پر پابندی لگائے ہوئے ہے‘۔

شیئر: