Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عیدین اور جمعہ کی نماز کے لیے خارجی لاؤڈ سپیکر نصب کرنے کی اجازت

مملکت میں تمام مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کردی گئی ہے(فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت اسلامی امور نے عیدین اور جمعہ کے نمازیوں کی سہولت کے لیے خارجی لاؤڈ سپیکر نصب کرنے کی اجازت دی ہے۔
 وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی  نے بیان میں کہا کہ مملکت بھر میں چھوٹی اور بڑی مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ عید الفطر، عید الاضحی، جمعے کے خطبے اور نماز کی آواز باہر بچھی صفوں کے نمازیوں تک پہنچانے کے لیے بیرونی لاؤڈ سپیکر نصب کریں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق بیان میں کہا کہ وزارت کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔
  وزارت کے اعلی حکام سوشل میڈیا کے ذریعے تمام مساجد کے منتظمین سے اس ہدایت پر عمل درآمد کی تفصیلات لے رہے ہیں۔
وزارت اسلامی امور کا  کہنا ہے کہ جمعہ اور عیدین کے علاوہ تمام مساجد میں بیرونی لاؤڈ سپیکرز کا استعمال اذان اور تکبیر تک محدود رہے گا۔ یہ پابندی قرآن و سنت کے تناظر میں لگائی گئی ہے اور تمام معتبر علما نے اس کے حق میں فیصلے دے دیے ہیں۔
بیان میں وزارت اسلامی امور کا کہنا  ہے کہ جمعے نماز اسی طرح عیدین کی نمازوں میں صفیں باہر تک چلی جاتی ہیں اور لاؤڈ سپیکر کے بغیر مسجد سے باہر موجود صفوں میں شامل نمازیوں تک نماز اور تکبیرات اور خطبے کی آواز نہیں جاتی اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے جمعہ اور عیدین کے موقع پر خارجی لاؤڈ سپیکر استعمال کیے جائیں گے۔ تمام مساجد میں اس کا انتظام کیا جارہا ہے۔ 

شیئر: