Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب سعودی نوجوان نے سرمئی گدھ کو صحت یابی کے بعد آزاد کیا

صحت یاب ہوا تو اسے جنگل میں چھوڑ جہاں سے پرواز کرگیا- (فوٹو العربیہ) 
سعودی نوجوان نے دارالحکومت ریاض میں سرمئی رنگ کے گدھ کو  صحت یابی کے بعد آزاد کیا ہے۔ اس کے اس اقدام کو سراہا جارہا ہے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے  نایف بن شویہ نے بتایا کہ اسے الصمان علاقے میں گدھ انتہائی خراب حالت میں ملا تھا۔ شدید گرمی اور فاقے کی وجہ سے اڑ نہیں سکتا تھا۔اسے اپنے گھر لے آیا جہاں اسے دانہ پانی دیا اور پھر جنگلی حیاتیات کے قومی مرکز سے رابطہ کرکے مطلع کیا۔  
 نایف نے بتایا کہ اگلے روز گدھ میں زندگی اور تازگی محسوس کی تو  اسے آزاد کرنے کا فیصلہ کرلیا تاہم یہ دیکھ کر کہ گدھ  کے  پر متاثر ہیں ممکن ہے وہ طویل پرواز نہیں کر سکے گا اسے آبادی سے دور لے کر جنگل پہنچا۔ یہ دیکھ کر بے حد خوشی محسوس ہوئی کہ جونہی میں نے اسے جنگل میں چھوڑا وہ پرواز کرتے ہوئے اونچائی پر چلا گیا۔ میں نے جو کچھ کیا وہ جنگلی حیاتیات کے حوالے سے فرض تھا۔ 

جو کچھ کیا وہ جنگلی حیاتیات کے حوالے سے فرض تھا- (فوٹو العربیہ)

جنگلی حیاتیات کی افزائش کے  قومی مرکز نےٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر اس واقعہ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایک سعودی شہری نے قابل قدر کام کیا ہے۔
یاد رہے کہ سرمئی رنگ کے گدھ پوری دنیا میں مشہور ہیں اور یہ کالے رنگ کے گدھ سے مختلف ہوتے ہیں۔ سرمئی رنگ والے گدھ کا تعلق قدیم دنیا سے ہے البتہ شکل اور نام میں دونوں ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں۔
سرمئی رنگ کے گدھ  سپین اور پرتگال میں پائے جاتے ہیں۔ اس نسل کے بہت سارے گدھ جنوبی فرانس میں لے جاکر آباد کیے گئے۔ اس رنگ کے گدھ یونان، ترکی اور مشرق وسطی کے وسطی علاقوں میں بھی پائے جاتے ہیں جبکہ پاکستان، شمالی انڈیا اور وسطی ایشیا کے مشرقی علاقوں میں بھی دیکھے گئے ہیں۔ یہ چین کے شمالی علاقوں منچوریا، منگولیا اور کوریا میں  بھی پائے جاتے ہیں۔ 
سرمئی رنگ کے گدھ کے پسندیدہ علاقے پہاڑی ہیں۔ یہ ایسے علاقوں میں رہنا پسند کرتے ہیں جو کھلے ہوں اور تقریبا خشک ہوں۔ عام طور پر آبادی سے دور مقامات کو اپنا مسکن بناتے ہیں اور شور شرابہ پسند نہیں کرتے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: