Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ویکسین لگوانے والے مسافروں کو سعودی عرب پہنچنے پر قرنطینہ کی ضرورت نہیں‘

سعودی عرب آنے والے مسافروں کے پاس ویکسین کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی مکمل ویکسین لگوانے والے افراد کو سعودی عرب پہنچنے پر قرنطینہ میں رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی (گاکا) نے کہا ہے کہ مسافروں کے پاس ویکسین کا تصدیق شدہ سرٹیفیکیٹ ہونا لازمی ہے۔ تاہم ویکسین نہ لگوانے پر سات دن کے لیے قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
سعودی حکومت کی منظور شدہ ویکسین میں فائزر بائیو این ٹیک، موڈرنا، آکسفورڈ ایسٹرا زینیکا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔
سعودی عرب میں شعبہ صحت سے منسلک عہدیدار ویکسین سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسلسل دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور عوام کو اس کی افادیت کے حوالے سے آگاہ کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کے سیکریٹری وزارت صحت برائے حفاظتی تدابیر عبد اللہ بن مفرح عسیری نے واضح کیا ہے کہ دل کی بیماری ’مائیو کارڈیٹس‘ (دل کے پٹھوں میں سوزش) کی وجہ ویکسین نہیں بلکہ کورونا وائرس ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کی شدید علامات سے گزرنے والے 60 فیصد افراد میں مائیو کارڈیٹس کی علامات پائی گئی تھیں۔ 
ڈاکٹر عبداللہ بن عسیری نے ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فائزر ویکسین لگوانے والے 15 کروڑ 50 لاکھ افراد میں سے صرف 89 میں مائیو کارڈیٹس کی تشخیص ہوئی تھی۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین سے متعلق افواہیں اور غلط معلومات عوام کی توجہ کا مرکز بنی رہی ہیں جو دوسروں کی جانوں کے لیے بھی باعث خطرہ ہیں۔

سعودی عرب میں اب تک ایک کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگ چکی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

سعودی عرب میں پیر کے روز کورونا وائرس کے باعث مزید 15 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد سات ہزار 362 ہو گئی ہے۔
وائرس کے ایک ہزار 245 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد سے سعودی عرب میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد چار لاکھ 50 ہزار 436 ہو گئی ہے۔ سعودی عرب میں اس وقت کورونا کے نو ہزار 661 ایکٹو کیسز ہیں جن میں سے ایک ہزار 438 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
نئے سامنے آنے والے کیسز میں سے 428 مکہ، 313 ریاض، 155 مشرقی صوبے جبکہ مدینہ میں 99 افراد کورونا میں مبتلا ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق ایک ہزار 275 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب افراد کی کل تعداد چار لاکھ 33 ہزار 431 ہو گئی ہے۔
سعودی عرب میں اب تک ایک کروڑ 92 لاکھ 14 ہزار 578 پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے ہیں، جن میں سے 92 ہزار 458 گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہوئے ہیں۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے لیے مختص ٹیسٹنگ اور علاج کے سینٹر ہزاروں کی تعداد میں افراد کا معائنہ کر چکے ہیں۔ سینٹرز میں ان لوگوں کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے جن میں وائرس کی معتدل یا کوئی علامات موجود نہ ہوں، یا پھر جو متاثرہ شخص کے ساتھ رابطے میں رہے ہوں۔

سعودی عرب میں چار لاکھ سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

جبکہ تطمن کلینک میں ان مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے جو کورونا وائرس کے باعث بخار میں مبتلا ہوں، جن میں ذائقہ اور  سونگھنے کی حس ختم ہو گئی ہو یا جنہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہو۔
تاکد سنٹرز یا تطمن کلینک میں معائنے کے لیے وقت وزارت صحت کی ’صحتی‘ ایپ کے ذریعے لیا جا سکتا ہے۔
سعودی عرب میں اب تک ایک کروڑ 41 لاکھ، 46 ہزار 363 افراد کو ویکسین لگ چکی ہے۔

شیئر: