پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں دو روزہ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے سنیچر کو جاری کردہ بیان کے مطابق 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے ژوب کے علاقے سمبازہ میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 33 شدت پسندوں کو ہلاک کیا۔
مزید پڑھیں
-
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 16 شدت پسند ہلاکNode ID: 887557
بیان کے مطابق آٹھ اور نو اپریل کی درمیانی شب پاکستان افغانستان سرحد کے قریب سمبازہ کے قریبی علاقوں میں آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران ’انڈین سپانسرڈ‘ مزید 14 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دو روزہ آپریشن میں ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘
گذشتہ روز جمعے کو پاکستانی فوج نے کہا تھا کہ ’سات اور آٹھ اگست کی درمیانی رات کو انڈیا کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے ایک بڑے گروہ نے افغانستان کی سرحد سے دراندازی کی کوشش کی جو بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی نظروں میں آ گئے۔‘
’سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے موثر طریقے سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اور ایک مربوط آپریشن کے نتیجے میں انڈیا کے حمایت یافتہ 33 خوارجی ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔‘