Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کی منظوری

تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جون 2021 سے ہو گا (فوٹو: پنجاب حکومت)
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی ہے، جس کے تحت گریڈ ایک سے 19 تک کے صوبائی ملازمین کو25 فیصد خصوصی الاؤنس دیا جائے گا۔
جمعرات کو محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’سرکاری ملازمین کے لیے خصوصی الاؤنس کا اطلاق یکم جون 2021 سے ہو گا اور سات لاکھ 21 ہزار سے زائد ملازمین 25 فیصد خصوصی الاؤنس کے حق دار ہوں گے۔‘
وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت جمعرات کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں سات ارب 10 کروڑ روپے کے فنڈز کے اجرا کی منظوری بھی دی گئی-
پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن کے شہریو ں کو مفت علاج معالجے کی سہولتیں ملیں گی-
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ’پروگرام کے تحت پنجاب کی پوری آبادی کو مفت ہیلتھ کوریج دیں گے- دسمبر تک ہر خاندان کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دی جائے گی اور اس پروگرام کے تحت سات لاکھ 20 ہزار روپے تک سالانہ مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔‘
اجلاس کے دوران کابینہ نے پنجاب بورڈ آف ریونیو ایکٹ 1957 میں ترمیم کی منظوری دی اور اس ترمیم سے ریونیو سے متعلقہ کیسوں پر نظر ثانی کی دوسری اپیل کا حق نہیں ہوگا اور ریونیو کیسوں کاجلد فیصلہ ممکن ہوسکے گا-
پنجاب کابینہ نے حالیہ بارشوں سے ہونے والی اموات اور مالی نقصان کے ازالے کیلئے مالی امداد دینے کی اصولی منظوری بھی دی- حافظ آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن اور دیگر اضلاع میں متاثرین کو فوری طور پر مالی امداد دی جائے گی- وزیراعلیٰ نے متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی جلد سے جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سٹمپ ایکٹ 1899 میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا- پنجاب کابینہ نے 122 سال پرانے سٹمپ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی اور اس ترمیم سے بورڈ آف ریونیو کے پاس پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے آڈٹ کا اختیار ہو گا- فلیٹس، ملٹی سٹوری بلڈنگز کی ملکیت کا ریکارڈ جمع کیا جا سکے گا اور حکومت کو ریونیو ملے گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تمام شہروں کے ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی اور شہروں کی ماسٹر پلاننگ کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی۔
وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت پیری اربن ایریاز میں افورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹس کو پنجاب ریونیو اتھارٹی کے سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی اصولی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل محمد اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی جبکہ فرانزک سائنس ایجنسی میں نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لیے ضروری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا- راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر میرٹ میں پہلے نمبر پر آنے والے عمران امین کی تقرری کی باضابطہ منظوری دی گئی جبکہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نئے ممبران کی نامزدگیوں کی منظوری بھی دی گئی۔

پنجاب میں اب پانچ برس پرانی پرائیویٹ گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا ہو گا (فوٹو: پنجاب حکومت)

کابینہ نے پنجاب آرمز رولز 2017 میں ترمیم کی منظوری بھی دی، اس ترمیم سے اسلحہ لائسنس کی ٹرانسفر اور موڈی فکیشن کا اختیار اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کے پاس ہو گا۔
اجلاس میں انسپکشن اینڈ سرٹیفیکیشن آف پرائیویٹ وہیکلز (موٹر کار) کے لیے قانونی ترامیم کی منظوری دی گئی- پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پانچ سال پرانی پرائیویٹ گاڑیوں کو روڈ فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا ہو گا جب کہ تھری ویلر موٹر سائیکل رکشہ کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جا سکے گا-
اجلاس میں پنجاب موٹر وہیکلز رولز 1969 اور پنجاب موٹر وہیکلز ٹرانزیکشن لائسنس رولز 2015 میں ترامیم کی منظوری دی گئی-
موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن اور خرید و فروخت کے نظام کو مزید شفاف بنانے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم اور ارجنٹ پروسیسنگ فیس کا نظام متعارف کرایا جائے گا- بائیومیٹرک کی سہولت ای خدمت سنٹر،نادرا اور موٹر ڈیلرز کے پاس بھی ہوگی۔ 
کابینہ نے پنجاب لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹس رولز 2021 کی منظوری دی جن  کے تحت وراثتی سر ٹیفیکیٹس کے اجرا کو آسان بنایا جائے گا اور اجرا نادرا سینٹرز سے ہو سکے گا-

اسلحہ لائسنس کی ٹرانسفر اورموڈی فکیشن کا اختیار اضلاع میں ڈپٹی کمشنرکے پاس ہو گا (فوٹو: پنجاب حکومت)

اجلاس میں پنجاب ایگریکلچر اینڈ میٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے لیے نامزدگیوں اور پنجاب فنانس ایکٹ 2014 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اس ترمیم سے لگژری ہاؤسز پر ٹیکس کے نفاذ سے متعلق شکایات کا ازالہ نچلی سطح پر ممکن ہوسکے گا اور متعلقہ ریجن کے ڈائریکٹرز شکایات سن کر فیصلہ کر سکیں گے جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کے پاس اپیل کی جا سکے گی۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے 222 ملازمین کو ریگولر کرنے کے لیے قواعد وضوابط کے مطابق مزید اقدامات کرنے کی اجازت دے دی گئی- چیئرمین پنجاب زکوٰۃ اینڈ عشر کونسل کے عہدے کے قواعد وضوابط میں ردوبدل کی منظوری دی گئی- کابینہ نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی کارکردگی کو سراہا اور خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کی تعمیر و مرمت کے لئے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کو سروسز دینے کی اجازت دی-
اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق محکمہ تعلیم کے اسسٹنٹ لائبریرین کو گریڈ 8 سے گریڈ 11 دینے کی منظوری دی گئی- چنیوٹ میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے محکمہ اوقاف کی اراضی کو سٹیٹ لینڈ سے تبادلے کی منظوری دی گئی- پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ہاؤسنگ الاٹمنٹ پالیسی 2021 کی منظوری دی گئی۔

شیئر: