Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: پارک پر قبضہ کرنے والے کا گھرمسمار 

شہری کی جانب سے دائراپیل بھی مسترد کردی گئی(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ میونسپلٹی نے عدالتی حکم پرعمل کرتے ہوئے’ السلامہ‘ محلے میں پارک کے لیے مختص پلاٹ پر تعمیر کردہ مقامی شہری کی عمارت منہدم کردی- 
اخبار  24 کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے نومبر 2020 کے دوران اپنی رپورٹ میں واضح کیاتھا کہ ایک شہری نے 1400 مربع میٹر کا پلاٹ جو کہ پارک کے لیے مخصوص  تھا  پر ناجائز قبضہ کررکھا ہے- مقامی شہری کا دعوی تھا کہ اس نے جس پلاٹ پر اپنا مکان تعمیر کیا ہے وہ اس کا اپنا ہے اور اس  کے پاس ملکیت کی دستاویزات  بھی ہیں-
میونسپلٹی نے مقامی شہری کے خلاف عدالت سے رجوع کیا- جس نے پلاٹ سے متعلق مقامی شہری کی رجسٹری کے دعوے کو مسترد کردیا تھا- تاہم مقامی  شہری نے اپیل کورٹ سے رجوع کیا-  جس نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے مدعا علیہ کو پلاٹ خالی کرنے اور میونسپلٹی کے حوالے  کرنے کا حکم جاری کردیا- آخر میں بجلی اورنیشنل واٹر کمپنی سے خط و کتابت کرکے پلاٹ پر تعمیر مکان کی تمام سہولتیں ختم  کرائی گئیں- 
جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہےکہ وہ سرکاری املاک پر تجاوزات ختم کرنے کا مشن جاری رکھے گی- اس حوالے  سے ایوان شاہی سے جاری کردہ فرامین اور سرکاری املاک سے ناجائز فائدہ اٹھانے کا سلسلہ ختم کرانے والے قوانین و ضوابط کے نفاذ کے لیے کوشاں رہے گی۔

شیئر: