Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مستحکم گھرانے تشدد نہیں جانتے‘ کے عنوان سے قصیم میں فورم کا انعقاد

قصیم کے گورنر نے کہا کہ گھروں میں تشدد پھیلانے میں سوشل میڈیا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے علاقے قصیم میں گھریلو تشدد سے نمٹنے کے لیے ’مستحکم گھرانے تشدد نہیں جانتے‘ کے زیرعنوان گذشتہ روز پیر کو ایک فورم منعقد کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق اس موقع پر قصیم کے گورنر شہزادہ فیصل بن مشعل بن سعود نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا لوگوں کے گھروں میں تشدد پھیلانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔

’مستحکم گھرانے تشدد نہیں جانتے‘ کے زیرعنوان فورم میں گورنر قصیم نے اظہار خیال کیا۔ (فوٹوعرب نیوز)

اس پروگرام میں بریدہ  فیملی ایسوسی ایشن اور قصیم میں خواتین کی ترقیاتی کمیٹی نے شرکت کی۔
اس فورم کا مقصد تھا کہ علاقے میں گھریلو تشدد کی بنیادی وجوہ پر تحقیق کے ذریعے خاندانوں کو کس طرح محفوظ رکھا جائے۔
گورنر شہزادہ فیصل نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’عالمی وبائی مرض کے دوران معاشرتی تنہائی کے سبب خاندانوں پر سوشل میڈیا کی وجہ سے منفی اثر پڑا، جس کے باعث مختلف قسم کی رکاوٹیں پیدا ہوئیں اور گھریلو مسائل بڑھتے گئے۔‘

انسانی وسائل و سماجی ترقی کے نائب وزیر ڈاکٹرعبداللہ الوہیبی نے کہا عائلی نظام سعودی عرب کے مستقبل کا بنیادی ستون ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)

فورم میں بریدہ فیملی ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد السیف نے بتایا کہ ہماری تنظیم نے گھریلو تشدد سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات متعارف کروائے ہیں۔
ان اقدامات میں کورونا وائرس کے دوران مختلف خاندانوں کی امداد اور کامیاب شادی کے لیے مفید مشورے دینا شامل ہیں۔
قصیم ویمن ڈویلپمنٹ کمیٹی کی نائب صدر فاطمہ الفریحی نے  بتایا  کہ ’ہماری کمیٹی کا مقصد خاندانوں کو تشدد سے بچانا، ہم آہنگی کو فروغ دینا اور گھر کو تشدد کے واقعات سے محفوظ رکھنے کے لیے اہل خانہ کو مفید مشورے اور مدد فراہم کرنا ہے۔‘
فورم کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انسانی وسائل و سماجی ترقی کے نائب وزیر ڈاکٹرعبداللہ الوہیبی نے کہا عائلی نظام سعودی عرب کے مستقبل کا بنیادی ستون ہے۔
نائب وزیر نے واضح کیا کہ عائلی امور کونسل نے خاندانی تحفظ کے 34 مراکز اور 15 پناہ گاہیں قائم کی ہیں۔
 

شیئر: