Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سوری فیس کٹ گیا تھا، یہ ہے وہ چھپا ہوا چہرہ ۔۔۔‘

بالی وڈ کے بگ بی امیتابھ بچن بھی سوشل میڈیا کے فیچرز کو استعمال کرنا ابھی سیکھ رہے ہیں (فوٹو:امیتابھ بچن ٹوئٹر)
آج کے جدید دور میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جو سوشل میڈیا استعمال نہ کرتا ہو کیونکہ یہ نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہے بلکہ اپنے پیاروں سے جڑے رہنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ اسی لیے تو عام صارفین کے ساتھ ساتھ کئی مشہور شخصیات بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایکٹیو نظر آتی ہیں اور اپنے مداحوں کو اپنی زندگی کے اہم واقعات، لمحات اور سرگرمیوں سے گاہے گاہے آگاہ کرتی رہتی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بڑھتی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کمپنیاں آئے روز نت نئے فیچرز بھی متعارف کراتی رہتی ہیں جنہیں ہر صارف ایک بار آزماتا ضرور ہے لیکن یہ نئے تجربات کرتے ہوئے غلطی کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔
بالی وڈ کے بگ بی امیتابھ بچن بھی سوشل میڈیا کے فیچرز کو استعمال کرنا ابھی سیکھ رہے ہیں۔ بدھ کو ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرایک ہی جیسی تصاویر بار بار پوسٹ کی گئیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں اس کی وجہ یہ بتائی کہ وہ پوسٹ میں اپنی تصویر کو ایڈجسٹ کرنا چاہ رہے تھے اسی لیے انہوں نے کئی بار کوشش کی اور بالآخر وہ کامیاب ہو ہی گئے۔
پہلے تو انہوں نے اپنے ماضی کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ بتایا کہ ’یہ اوریجنل تھا پھر ہمارے جو ای ایف ہیں انہوں نے اس کو لے کر ایک اور بنائی تصویر، وہ ڈال رہا ہوں اس کے بعد۔‘
اس کے بعد انہوں نے ایک تصویر پوسٹ کی جو پچھلی تصویر کا ایڈیٹڈ ورژن تھی، لیکن اس تصویر میں ان کا پورا چہرہ نظر نہیں آ رہا بلکہ صرف تھوڑا سا حصہ دکھائی دے رہا ہے جو ماسک سے چھپا ہوا ہے۔
امیتابھ بچن نے لکھا کہ ’یہ رہی وہ تصویر۔ یار چہرہ چھپ گیا ہے، (تصویر کا) سائز کیسے کم کروں کہ چہرہ نظر آئے۔ اس کا کچھ سمجھ میں نہیں آیا کہ کیا ہے یہ۔ سوائے اس کے کہ اگرچہ لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی کا اعلان کیا گیا ہے، پھر بھی ماسک پہنے رہنا ضروری ہے۔ ورنہ یہ جو نیلے رنگ والا سپائیڈر مین یا جو بھی ہے، اس کی طرح لٹکے رہیے گا۔‘
بگ بی نے ایک اور بار کوشش کرتے ہوئے دوبارہ تصویر اپ لوڈ کی مگر اس بار بھی تصویر پوسٹ کے ساتھ ’فٹ‘ نہ ہوسکی۔ انہوں نے لکھا کہ ’سوری فیس کٹ ہو گیا یار۔ مجھے نہیں معلوم کہ اسے کیسے ایڈجسٹ کرنا ہے کہ چہرہ نظر آ سکے۔ یہ (تصویر) میری ہے، میں آپ کو یقین دلا سکتا ہوں۔‘
اور پھر بالآخر وہ اپنا چہرہ دکھانے میں کامیاب ہو ہی گئے۔ سب سے آخر میں پوسٹ کی گئی تصویر میں امیتابھ بچن کے بالوں کا رنگ ایڈیٹنگ کے ذریعے تبدیل کیا گیا ہے مگر کہیں کہیں سے ان کے کالے بال بھی نظر آ رہے ہیں جبکہ ان کے چہرے پر ماسک بھی لگایا گیا ہے۔
اس تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’یہ ہے وہ چھپا ہوا چہرہ، ماسک پہنے رہنا بھائی۔ براہ مہربانی۔‘

شیئر: