Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سرپرستی میں پاکستانی اور افغان علما کی امن کانفرنس

پاکستان اور افغانستان کے علما جمعرات کو سعودی عرب کی ایک تنظیم کی دعوت پر خطے میں امن کے حوالے سے مل بیٹھ کر لائحہ عمل بنائیں گے اور تجاویز تیار کریں گے۔
اس حوالے سے مکہ مکرمہ میں صدر دفتر رکھنے والی تنظیم رابطہ عالم اسلامی نے آج جمعرات ایک ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا ہے جس میں ناصرف پاکستان اور افغانستان کے چوٹی کے علما شریک ہوں گے بلکہ پاکستان کے دو اعلی عہدیداران بھی کانفرنس کے دو سشینز کی صدارت کریں گے۔
Node ID: 572621
اس حوالے سے اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی امور اور مشرق وسطی طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے چار سیشنز ہوں گے۔
پہلے سیشن کی سربراہی رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم العیسی کریں گے جبکہ دوسرے سیشن کی صدارت وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کریں گے، تیسرے سیشن کی صدارت افغان وزیر برائے مذہبی امور جبکہ چوتھے سیشن کی صدارت علامہ طاہر اشرفی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا مقصد علما کی طرف سے امن کا مشترکہ پیغام دینا ہے ۔’علما افغانستان میں امن چاہتے ہیں ہمارے لیے سب محترم ہیں ہم افغان گروہوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے صرف اپیل کر سکتے ہیں‘۔
طاہر اشرفی کے مطابق کانفرنس کے آخر میں اعلامیہ جاری کیا جائے گا جس میں خطے میں دیرپا امن کے لیے تجاویز دی جائیں گی۔ 
کانفرنس میں شریک ہونے والے پاکستانی علما میں علامہ ساجد میر، علامہ راغب نعیمی ، مفتی عثمانی اور اسلامی نظریاتی کونسل کے چئیرمین قبلہ ایاز شامل ہوں گے۔
طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کے مشکور ہیں کہ ان کی سرپرستی میں رابطہ عالم اسلامی نے اس کانفرنس کا انعقاد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور سعودی ولی عہد کی ملاقات میں بھی عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لیے بات چیت ہوئی اسی تناظر پاکستان خطے میں امن کے لیے کوشاں ہے۔

شیئر: