Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں فائیو جی کا نیٹ ورک کتنا وسیع اور رفتار کیا ہے؟

مملکت کی 53 کمشنریوں میں فائیو جی سروس میسر ہے۔( فوٹو العربیہ)
سعودی انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن اتھارٹی  نے کہا ہے کہ سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران سعودی عرب میں فائیو جی کی سہولت بڑے پیمانے پر فراہم کی جارہی ہے۔
سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں 53 کمشنریوں کے باشندوں کو  فائیو جی سروس میسر ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن اتھارٹی نے مملکت میں ڈیجیٹل اور انٹرنیٹ کی رفتار کے گراف سے متعلق سہ ماہی رپورٹ ’مقیاس‘ جاری کی ہے۔
 ایس ٹی سی اور زین فائیو جی سروس فراہم کرنے والی مواصلاتی کمپنیوں میں سرفہرست ہیں۔ ان دونوں کمپنیوں نے 43 کمشنریوں میں  فائیو جی سروس مہیا کی ہے جبکہ موبایلی نے 21 کمشنریوں میں یہ سروس فراہم کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب میں جی فائیو ڈاؤن لوڈ کرنے کی اوسط رفتار فی سیکنڈ 322 میگا بائٹ تک پہنچ گئی ہے۔ 
 زین کمپنی  فائیو جی کے حوالے سے موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار میں سب سے نمایاں ہے۔ زین کے  یہاں فی سیکنڈ رفتار 350 میگا بائٹ تک پہنچ گئی۔
ایس ٹی سی  فی سیکنڈ 348 میگا بائٹ اوسط رفتار کے حوالے سے دوسرے اور موبایلی فی سیکنڈ  232 میگا بائٹ اوسط رفتار کے  لحاظ سے تیسرے نمبر پر رہی۔ 
رپورٹ  کے مطابق سعودی عرب کے  تمام علاقوں میں زین مواصلاتی خدمات کی کارکردگی کے حوالے سے تینوں کمپنیوں کے مقابلے میں سرفہرست ہے۔ مکہ مکرمہ اس سے مستثنی ہے جہاں موبایلی نے 2021 کی پہلی سہ ماہی کے دوران فائیو جی سروس کی فراہمی میں سب سے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

شیئر: