Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈا میں قتل ہونے والے خاندان کو خراجِ عقیدت پیش ’یہ ہمارا شہر ہے‘

کینڈا میں قتل ہونے والے مسلمان خاندان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی تقریب میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سمیت ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے منگل کی شام کو مسجد کے باہر پھول رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت واقعے کے حوالے سے کارروائی کرے گی، تاہم انہوں نے مزید تفصیل نہیں دی۔    
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ’برائی پر مبنی ایک اقدام تھا، لیکن یہاں موجود لوگوں کی روشنی، افضال کے خاندان کے لوگوں کی روشنی اندھیرے پر غالب ہوگی۔‘
یاد رہے کہ اتوار کو کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں ایک خاندان کے چار افراد کو اس وقت قتل کر دیا گیا تھا جب وہ اپنے گھر کے قریب چہل قدمی کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق مذہب کی بنیاد پر نشانہ بناتے ہوئے ایک شخص نے خاندان کے چاروں افراد کو اپنے ٹرک تلے روند کر ہلاک کر دیا تھا۔
ہلاک ہونے والوں میں 46 سالہ سلمان افضل، ان کی 44 سالہ اہلیہ مدیحہ سلمان، ان کی 15 سالہ بیٹی کےعلاوہ سلمان افضل کی 74 سالہ والدہ بھی شامل ہیں۔ جبکہ زخمی ہونے والا نو سالہ بیٹا ہسپتال میں زیر علاج ہے تاہم ان کی جان کو خطرہ نہیں ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے اتوار کے روز 20 سالہ کینیڈین نوجوان نیتھانیئل ویلٹ کو گرفتار کر لیا تھا۔ زیرحراست نوجوان پر فٹ پاتھ پر ٹرک چلانے اور خاندان پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔  
لندن مسلم مسجد کے امام بلال راہل نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ مذہب، رنگت یا جائے پیدائش کی وجہ سے کسی کو بھی یہ اجازت نہ دیں کہ آپ کو ایسا سوچنے پر مجبور کریں کہ جیسے یہ آپ کا شہر نہیں ہے۔
’یہ ہمارا شہر ہے اور ہم یہاں سے کہیں نہیں جا رہے۔‘
تقریب کے شرکا کی اکثریت نے کورونا وائرس کی پابندیوں پر عمل کرتے ہوئے ماسک پہن رکھے تھے۔ اونٹاریو میں کورونا وائرس کے باعث لگی پابندیوں کے باوجود حکومت نے تقریب منعقد کرنے کی خصوصی اجازت دی تھی۔
تقریب میں کینیڈا میں حزب اختلاف کے لیڈر سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

شیئر: