Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موٹرویز پر نئی حد رفتار نافذ، خلاف ورزی پر کتنا چالان ہو رہا ہے؟

نئی حد رفتار کے حوالے سے موٹروے پولیس شہریوں کو آگاہ کرنے میں مصروف ہے۔ (فوٹو: موٹروے پولیس)
پاکستان کی موٹروے پولیس نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر نئی حدِ رفتار کے نفاذ کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔
ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق نئی رفتار حدود پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم بھی جاری ہے، جس کے تحت ٹول پلازوں اور اہم مقامات پر پٹرولنگ افسران روڈ یوزرز کو نئی حدِ رفتار سے آگاہ کر رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال اور بہاولپور میں بریفنگ کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ ڈرائیورز کو نئی رفتار کی حدود کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویز پر کار اور ایل ٹی وی کی رفتار 120 سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ پی ایس وی اور ایچ ٹی وی کی رفتار 110 سے کم کر کے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح قومی شاہراہوں پر کار اور ایل ٹی وی کی رفتار 100 سے کم کر کے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ اور پی ایس وی و ایچ ٹی وی کی رفتار 80 سے کم کر کے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔

موٹروے پر ایل ٹی وی کی حد رفتار 100 مقرر کر دی گئی ہے جس کی خلاف ورزی پر جرمانے بھی کیے جا رہے ہیں۔ (فوٹو: موٹروے ٹریفک پولیس)

سید عمران احمد کے مطابق نئی حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر چالان بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان سنٹرل ریجن نے بتایا کہ موٹروے ایم 2 پر ایک شہری کو 115 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر 2500 روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ ایک مسافر بس کو 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر چلانے پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق نئی حدِ رفتار ایندھن کی بچت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے پیش نظر نافذ کی گئی ہے، جبکہ اس پر مکمل عملدرآمد کے لیے انفورسمنٹ اور آگاہی مہم جاری رہے گی۔

شیئر: