Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

15 ملین افراد کورونا ویکسین کی ایک خوراک لے چکے: وزیر صحت

وزیر صحتہ نے جدہ  میں نئے ویکسین سینٹر کا افتتاح کیا ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے جدہ  میں ایک اور کورونا ویکسین سینٹر کا افتتاح کیا ہے۔ اس سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو بڑی سہولت ہوگی۔  
جدہ آبادی کے حوالے سے مملکت کا دوسرا بڑا شہر ہے۔  نیا ویکسین سینٹر سپورٹس مرکز میں جدہ محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مشعل السیالی اور صحت عہدیداروں کی موجودگی میں کھولا گیا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق جدہ میں ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کو مدنظر رکھ کر نیا ویکسین سینٹر کھولا گیا ہے۔ 
صحتی ایپ کے ذریعے ہزاروں سعودی اور مقیم غیرملکی ویکسین لینے کے لیے اندراج کرا رہے ہیں۔
نئے ویکسین سینٹر میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں- یہاں بڑی تعداد میں مقامی شہری اور مقیم غیرملکی آسانی سے ویکسین لگوا سکیں گے۔ 
سینٹر میں 60 ویکسینیشن کاؤنٹر کھولے گئے ہیں۔ روزانہ 15 ہزار افراد کو ویکسین دی جاسکتی ہے۔ تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے۔ 
سعودی وزیر صحت نے العربیہ چینل سے گفتگو میں کہا کہ 15 ملین افراد کورونا ویکسین کی ایک خوراک لے چکے ہیں۔ دوسری خوراک معقول مقدار میں مہیا ہوتے ہی دینا شروع کردیں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ وزارت تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو نئے کورونا وائرس ویکسین کی دوسری خوراک فراہم کرنے کے سلسلے میں پرعزم ہے۔ ان دنوں صرف 5 زمروں کے لیے دوسری خوراک ترجیحی بنیاد پر دی جارہی ہے۔

دنیا بھر کے ممالک ویکسین حاصل کرنے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

ویکسین وافر مقدار میں مہیا ہوتے ہی ساٹھ برس سے کم عمر کے لوگوں کو بھی فراہم کی جائے گی۔ 
وزیر صحت نے کہا کہ مشکل یہ پیش آرہی ہے کہ ان دنوں دنیا بھر کے ممالک کورونا ویکسین حاصل کرنے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔ ہرایک دوسرے پر بازی لے جانے کی فکر میں ہے۔ 
ڈاکٹر الربیعہ نے کہاکہ سعودی عرب ان ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے بہت پہلے اپنے شہریوں اور اپنے یہاں مقیم غیرملکیوں کو موثر اور محفوظ ویکسین فراہم کرنے کا انتظٓام کیا۔ 

شیئر: