Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا کورونا کے باعث حج کو محدود کرنے کے سعودی فیصلے کی حمایت کا اعلان

طاہر اشرفی کے مطابق ’ایک موزوں اور درست فیصلہ کیا گیا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی حکام نے سعودی عرب کی طرف سے کورونا وائرس کی وبا کے باعث حج کو محدود کرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔
سنیچر کو سعودی وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ دوسرے برس بھی صرف سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار عازمین حج کا فریضہ ادا کر سکتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت نے کہا تھا کہ ’18 سال سے 65 سال کی عمر کے ان عازمین کو حج کی اجازت ہوگی جنہوں نے کورونا ویکسین لگوا رکھی ہے۔‘
اتوار کو پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اور مذہبی ہم آہنگی طاہر اشرفی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ایک موزوں اور درست فیصلہ کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی قیادت اور عوام نے ہمیشہ حجاج کی خدمت کی ہے۔ شریعت بھی ہنگامی حالات میں ایسے فیصلے کرنے کی اجازت دیتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران سعودی عرب کے فیصلے کا مقصد حجاج کی حفاظت کرنا ہے۔
 گزشتہ روز سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تھا۔
سعودی وزیر خارجہ نے 2021 میں حج کے انتظامات کے حوالے سے درپیش چیلنجز اور سعودی حکومت کی جانب سے عوامی مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا تھا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’ہمیں صورت حال کی نزاکت کا بخوبی علم ہے اور ہمیں سعودی قیادت کی جانب سے مفاد عامہ میں کیے گئے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے۔‘

شیئر: