Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین حج پیکیجز کی منظوری، کم سے کم فیس 12 ہزار ریال مقرر

’خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کے باعث حج پیکیج کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں‘ ( فوٹو: اے ایف پی)
وزارت حج و عمرہ نے رواں برس حج موسم کے لیے صحت ضوابط اور ایس او پیز کو ملحوظ رکھتے ہوئے تین حج پیکیجز کی منظوری دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق  وزارت نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے انسداد کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کے باعث حج پیکیج کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’امسال حج کے لیے تین پیکیجز متعارف کرائے جارہے ہیں، پہلا پیکیج گیسٹ سپیشل ٹاور ہے‘۔
’اس پیکیج کے تحت عازمین کو منی ٹاورز میں رہائش فراہم کی جائے گی، ایس او پیز کی پابندی کرتے ہوئے خدمات فراہم کی جائیں گی، مکہ مکرمہ سے مشاعر مقدسہ اور واپسی شامل ہوگی‘۔
’اس پیکیج کی فیس 16560.50 ریال فی کس ہے جس میں واٹ شامل نہیں کیا گیا، واٹ کی رقم ادائیگی کے وقت لی جائے گی‘۔
’دوسرا پیکیج گیسٹ سپیشل، خیمہ ہے جس میں عازمین کو جمرات کے قریب خیموں میں بسایا جائے گا‘۔
’پیکیج میں ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ تمام خدمات فراہم کی جائیں گی، مکہ سے مشاعر مقدسہ لانے اور لے جانے کی فیس 14381.95 ریال فی کس ہے، اس میں واٹ شامل کرنا باقی ہے‘۔
وزارت حج نے کہا ہے کہ ’تیسرا حج پیکیج گیسٹ عوامی خیمہ ہے جس میں ایس او پیز کے ساتھ خدمات فراہم کی جائیں گی‘۔
’مکہ مکرمہ سے مشاعر مقدسہ لانا لے جانا بھی اس میں شامل ہے، اس کی فیس 12113.95 ریال فی کس رکھی گئی ہے، واٹ اس میں شامل کرنا باقی ہے‘۔
واضح رہے کہ وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ پر حج کی درخواستیں وصول ہونے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

شیئر: