Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں روسی بینک کے قیا م کی تجویز

بینک کے قیام سے تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں آسانی ہو گی۔( فوٹو اخبار 24)
سعودی، روسی بزنس کونسل نے ریاض شہر میں روسی بینک کھولنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس کا مقصد سعودی عرب اور روس کے درمیان تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں آسانی  پیدا کرنا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق مملکت میں متعین روسی سفیرسرگئی کوزلوف، سعودی، روسی بزنس کونسل کے چیئرمین طارق القحطانی، سعودی سرمایہ کاروں اور سعودی ایوانہائے صنعت و تجارت کونسل کے سربراہ عجلان العجلان کی موجودگی میں تجویز پیش کی گئی۔ 
عجلان العجلان نے کہا کہ ’دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے کے لیے بزنس کونسل کے اجلاس اہمیت رکھتے ہیں‘۔
روسی سفیر نے کہا کہ’ ماسکو سعودی، روسی تجارتی تعلقات کے ارتقا کو دونوں ملکوں کے قائدین کے عزائم کی تکمیل کے لیے بنیادی عمل کے طور پر دیکھ رہا ہے۔ اس سے فریقین کے درمیان شراکت اور دوستی گہری ہوگی اور اس کا دائرہ وسیع ہوگا‘۔
روسی سفیر نے کہا کہ’ ریاض میں روس نے اپنے سفارتخانے میں کمرشل اتاشی تعینات کردیا ہے۔ اس سے سعودی سرمایہ کاروں کو درپیش اقتصادی رکاوٹیں دور کرنے میں مدد ملے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ’ ریاض میں روسی بینک قائم کرنے کی تجویز پر کام کیا جائے گا‘۔ 

شیئر: