Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی معیشت وبا سے پہلے کی سطح پر واپس آگئی ہے، سروے رپورٹ

’یورپ اور لاطینی امریکہ کی معیشتیں رواں برس کی آخری سہ ماہی کے دوران بحال ہوجائیں گی‘ (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی معیشت وبائی بیماری سے پہلے کی بلندی سے آگے نکل گئی ہے کیونکہ ویکسینیشن اور وبائی مرض سے متعلق پابندیوں کے خاتمے کی بدولت بحالی میں تیزی آئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے کاروبار کے حوالے سے ماہانہ سروے کرنے والی فرم آئی ایچ ایس مارکیٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’رواں برس چھ فیصد گروتھ کے ساتھ عالمی معیشت میں گذشتہ 50 برسوں میں سب سے بڑی توسیع ہوگی۔‘
’عالمی معیشت نے رواں برس کی دوسری سہ ماہی میں ایک اہم سنگ میل اس وقت حاصل کیا جب یہ وبا سے پہلے کی بلند سطح جو 2019 کی چوتھی سہ ماہی میں دیکھنے میں آئی تھی کو پار گئی۔ دوسری سہ ماہی جون کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوئی۔‘
آئی ایچ ایس کے مطابق چینی معیشت کی مضبوطی کے باعث گذشتہ برس کے آخر میں ایشیا پیسفیک ریجن وبا کی کساد بازاری سے باہر نکل آیا۔
آئی ایچ ایس مارکیٹ کے معاشی ماہرین کے تخمینوں کے مطابق ’رواں برس امریکی معیشت نے نئی بلندی کو چھوا ہے۔‘
فرم نے تخمینہ لگایا ہے کہ افریقہ اور مشرق وسطیٰ کی معیشتیں رواں برس جولائی میں شروع ہونے والی تیسری سہ ماہی میں وبا سے پہلے کی مجموعی قومی پیداوار حاصل کرلیں گی۔

’ویکسینیشن اور وبائی مرض سے متعلق پابندیوں کے خاتمے کی بدولت عالمی معیشت کی بحالی میں تیزی آئی ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’یورپ اور لاطینی امریکہ کی معیشتیں رواں برس کی آخری سہ ماہی کے دوران بحال ہوجائیں گی۔‘
عالمی معیشتوں کے بارے میں آئی ایچ ایس مارکیٹ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر  سارہ جانسن کا کہنا ہے کہ ’ کووڈ 19 کی کساد بازاری سے نکلتے ہی عالمی معیشت موجودہ توسیع کے بلندی کی طرف سفر شروع کر دے گی۔‘

شیئر: