Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابینہ نے دو ڈیجیٹل بینکوں کے قیام کی منظوری دیدی

’ایس ٹی سی اور سعودی ڈیجیٹل بینک پہلےلائسنس شدہ ڈیجیٹل بینک ہوں گے جو بہت جلد خدمات فراہم کریں گے‘ ( فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا آن لائن اجلاس ہوا جس میں متعدد ملکی اور بین الاقوامی امور اور معاملات پر غور کیا گیا نیز اہم فیصلے کئے گئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کابینہ نے دو ڈیجیٹل بینکوں کے قیام کی منظوری دی ہے۔
کابینہ نے وزیر خزانہ کی طرف سے ایس ٹی سی اور سعودی ڈیجیٹل بینک کو لائسنس جاری کرنے کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔
واضح رہے کہ ایس ٹی سی اور سعودی ڈیجیٹل بینک سعودی عرب میں پہلےلائسنس شدہ ڈیجیٹل بینک ہوں گے جو بہت جلد خدمات فراہم کریں گے۔
کابینہ نے وزارت ہیومن ریسورسز میں نئے یونٹ کے قیام کی منظوری دی ہے جو معاشرتی امور کی نگرانی کرے گا۔
کابینہ نے کم عمر بچوں اور اس کیٹگری میں شامل ہونے والے وہ افراد جو اپنے مال کی نگرانی نہیں کرسکتے، ان کے مال اور جائیداد کو محفوظ رکھنے کے لئے دو سرکاری فنڈ کی منظوری دی ہے۔
سعودی کابینہ نے شرعی عدالتوں میں وکالت کے نظام کی ضابطوں کے مطابق منظوری دی ہے۔

’کابینہ نے عازمین حج کے لئے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا اور ضیوف الرحمن کو پیش کی جانے والی خدمات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے‘ ( فوٹو: واس)

اجلاس کے آغاز میں خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کو فلپائن اور چاڈ کے صدور کی طرف سے موصول ہونے والے پیغامات کے متعلق کابینہ کو آگاہ کیا گیا۔
کابینہ نے عرب وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس کے مندرجات پر غور کیا۔ اسی طرح جی سی سی ممالک کے وزارتی کونسل کے اعلامیہ کا بھی جائزہ لیا۔
کابینہ کو امریکہ کے خصوصی ایلچی برائے تحفظ ماحولیات جان کیری کے دورے اور سعودی عرب میں ماحولیات کے تحفظ کے لئے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
کابینہ نے عازمین حج کے لئے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا اور ضیوف الرحمن کو پیش کی جانے والی خدمات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
 

شیئر: