Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب آنے والوں کے لیے قرنطینہ کے نئے ضوابط جاری

غیرملکیوں کو ہوٹل قرنطینہ پیکیج بھی خریدنا ہو گا-(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب کے محکمہ شہری ہوابازی نے مملکت آنے والوں کے لیے ہوٹل قرنطینہ کے نئے ضوابط جاری کردیے ہیں- 
الاخباریہ اور اخبار 24 کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے تمام لوگوں پر ہوٹل قرنطینہ کا اصول لاگو کیا جائے گا-
تاہم قرنطینہ سے مندرجہ ذیل زمروں میں شامل افراد مستثنٰی ہوں گے- 
سعودی خواتین و حضرات، سعودی کی غیرملکی بیوی اور ماں، سعودی خاتون کا غیرملکی شوہر اور اس کی ماں، سعودی خاتون کے غیرملکی بیٹے و بیٹیاں اور سعودی فیملی کے ہمراہ آنے والے گھریلو کارکن- 

لازمی قرنطینہ سے بعض زمرے مستثنی ہونگے (فوٹو، ٹوئٹر)

محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ مذکورہ زمرے میں شامل افراد  کوسات روز تک ہاؤس آئسولیشن کی پابندی کرنا ہوگی البتہ آئسولیشن کے چھٹے روز پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا- 
محکمہ سول ایوی ایشن  کا مزید کہنا ہے کہ اگر ممنوعہ ممالک سے آنے والے مستثنی زمروں میں شامل غیر ویکسین یافتہ سعودی شہریوں سے پی سی آر ٹیسٹ طلب نہیں کیا جائے گا البتہ انہیں 7 روز تک ہاؤس آئسولیشن کا پابند بنایا جائے گا اور چھٹے روز پی سی آر ٹیسٹ کے لیے کہا جائے گا- ویکسین یافتہ سعودی شہری ہاؤس آئسولیشن اور چھٹے روز پی سی آر ٹیسٹ کی پابندی سے بھی مستثنی ہوں گے- 
محکمہ شہری  ہوابازی نے توجہ دلائی کہ غیر ویکسین یافتہ سعودی شہریوں پر پابندی ہوگی کہ وہ مملکت سے باہر جاتے وقت سفر سے قبل 72 گھنٹے اندر پی سی آر ٹیسٹ کرائیں- ایسے شہریوں پر ہوٹل قرنطینہ یا مملکت واپسی پر پی سی آر کی پابندی نہیں ہوگی- 
یر ویکسین یافتہ صحت کارکنان، انکے اہل و عیال اور 18 برس سے کم عمر کے  ان کے اعزہ سے مملکت سے روانہ ہونے سے قبل  72 گھنٹے  قبل پی سی آر ٹیسٹ کے لیے کہا جائے گا-  
محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ غیر ویکسین یافتہ سفارتکاروں اور ان کے اہل و عیال پر پابندی ہوگی کہ وہ سفر سے تقریبا 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرائیں- 7 روز تک ہاؤس آئسولیشن کی پابندی کریں اور چھٹے روز پی سی آر ٹیسٹ کرائیں- 
محکمہ شہری ہوابازی نے تاکید کی ہے کہ مملکت سے روانگی سے قبل غیرملکی کو منظور شدہ لیبارٹری سے  پی سی آر کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی اور اپنے ملک کے سرکاری ادارے سے مصدقہ ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا-

مملکت سے روانگی سے قبل غیرملکی  پی سی آرکرائیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)

اس حوالے سے یہ پابندی بھی لازمی ہوگی کہ ویکسین وہ ہو جو سعودی عرب میں منظور شدہ ہو- غیرملکی کو ہوٹل قرنطینہ پیکیج بھی خریدنا پڑے گا- 
محکمہ شہری ہوابازی نے فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہوائی اڈوں اور ان سے منسلک اداروں میں آمد ورفت اور موجودگی کے دوران کورونا ایس او پیز کی پابندی کریں-
ویکسین یافتہ، غیر ویکسین یافتہ مسافروں اور سفارتکاروں کے لیے الگ، الگ ٹریک خاص کریں- 
محکمہ شہری ہوابازی نے خبردار کیا ہے کہ ہاؤس آئسولیشن یا ہوٹل قرنطینہ کی پابندی کی خلاف ورزی پر دو لاکھ ریال تک جرمانہ یا دو برس تک قید کی سزا مقرر ہے بیک وقت دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں-
خلاف ورزی دہرانے پر سزا دگنی ہوگی- خلاف ورزی غیرملکی کرے گا تو اسے سزا مکمل کرنے کے بعد مملکت سے ہمیشہ کے لیے بے دخل کردیا جائے گا- 

شیئر: