Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا قرنطینہ خلاف ورزی پر 11 افراد گرفتار

تباعد ایپ سے عوامی مقامات پرکورونا متاثرین کے بارے میں علم ہوتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
حائل ریجن میں پولیس نے کورونا آئسولیشن اور قرنطینہ کی خلاف ورزی پر 11 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریجنل پولیس ترجمان کیپٹن طارق النصار کے حوالے سے کہا ہے کہ حائل ریجن کے مختلف علاقوں سے پولیس نے کورونا وائرس میں مبتلا ان افراد کو حراست میں لیا ہے جنہیں وزارت صحت کی جانب سے آئسولیشن اور قرنطینہ میں رہنے کی سختی سے ہدایت کی گئی تھی۔
ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ افراد پر خلاف ورزی درج کرکے انکا کیس پراسیکیوشن کے ادارے کو ارسال کردیا گیا ہے جہاں مقررہ ضوابط کے تحت کارروائی کے احکامات صادرہونگے۔

قرنطینہ خلاف ورزی پردو لاکھ ریال جرمانہ اور2 برس قید کی سزا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

واضح رہے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قرنطینہ اور آئسولیشن کی پابندی نہ کرنے پر 2 لاکھ ریال یا دو برس تک کی قید کی سزا یا جرمانہ و قید دونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکتی ہیں۔
خیال رہے سعودی عرب میں وزارت صحت اور مصنوعی ذہانت کے ادارے کے اشتراک سے اسمارٹ فون پر بنائی گئی ایپ میں ہرشخص کا ڈیٹا محفوظ ہوتا ہے جس کے ذریعے ایسے افراد جو کورونا وائرس کی زد میں ہوں انہیں دوہفتے تک آئسولیشن میں رہنا ہوتا ہے ۔
ایسے افراد جن کی نقل وحرکت محدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہو اور وہ عوامی مقامات پر جاتے ہیں تو ایپ کےذریعے انکے بارے میں فوری طورپر مرکزی کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوجاتی ہے, کنٹرول روم سے قریبی پولیس پارٹی کو مطلع کردیا جاتاہے۔  

شیئر: