Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم گرما کے سیاحتی پروگرام کہاں کہاں اور کب تک جاری رہیں گے؟

پروگرام 24 جون سے ستمبر تک 11 سیاحتی مقامات تک جاری رہے گا ( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی ٹورازم اتھارٹی نے ’اوور سمر، یوور موڈ ‘ کے سلوگن کے تحت اپنے پورٹل سعودی عرب سپرٹ کے ذریعے سمر آف سعودی عرب 2021 کے لیے پروگرام شروع کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ پروگرام 24 جون سے ستمبر کے اختتام تک 11 سیاحتی مقامات تک جاری رہے گا جو قدرتی تنوع سے مالا مال ہیں۔
اس پروگرام میں نجی شعبے کے 250 سے زیادہ شراکت داروں کے ساتھ تعاون میں 500 سیاحتی تجربات شامل ہیں۔
ایونٹس اور ایکوا کی سرگرمیاں جدہ، ینبع، املج اور کنگ عبد اللہ اکنامک سٹی کے ساحلوں پر منعقد کی جائیں گی۔
یہ سرگرمیاں ٹھنڈے موسم کے دوران طائف، الباحہ اور عسیر کی بلندیوں کے ساتھ  تبوک، العلا اور الاحسا سے لے کر ریاض تک کے تاریخی اور قدیم مقامات پر ہوں گی۔
وزیر سیاحت اور سعودی ٹورازم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد ال خطیب نے کہا کہ ’ اس سال کے سعودی سمر پروگرام کا آغاز مملکت میں سیاحت کے شعبے کے اپنےاہداف کے حصول میں آگے بڑھنے کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ کورونا کی عالمی وبا کے باعث سیاحت کے شعبے کو درپیش چیلنجوں کے باوجود خطے اور دنیا کے ایک اہم ترین سیاحتی مقام کی حیثیت سے سعودی عرب کے مقام کو مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔‘
احمد ال خطیب نے مزید کہا کہ اس سیزن میں مقامی کمیونٹیز کے لیے سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیش کیے جائیں گے جو سعودی عرب کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں حصہ ڈالیں گے۔

شیئر: