Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفری پابندیاں، سعودی شہریوں کی جلد وطن واپسی کی کوششیں تیز

کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے سعودی عرب نے امارات سمیت تین ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
پروازوں پر پابندی سے قبل سعودی ایئر لائن اگلے 24 گھنٹوں میں امارات سے آنے والی پروازوں میں مسافروں کی تعداد اضافہ کرے گی۔
عرب نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور کورونا کی مختلف اقسام کے پھیلاؤ کی وجہ سے سعودی وزارت داخلہ نے متحدہ عرب امارات، ویتنام اور ایتھوپیا کے لیے سفری پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔
اس فیصلے نے بہت سے سعودی شہریوں کو مجبور کیا کہ وہ اپنے سفری پلان منسوخ کر کے جلد واپسی کریں۔
مسافروں کی آمدورفت پر اتوار کی رات 11 بجے سے پابندی عائد کی جا رہی ہے۔ اس کے بعد آنے والے مسافروں کو قرنطینہ کرنا ہوگا۔
حکومت کے اس فیصلے سے متاثرہ افراد میں سے ایک جدہ کی رہائشی دینا الدخیل بھی ہیں جنہیں امید تھی کہ وہ اپنے منگیتر کی مصر واپسی کے بعد ان سے ملیں گی۔
’وہ مصر میں اپنے خاندان سے ملنے کے لیے گئے لیکن وہ چونکہ یہاں صرف ایک رہائشی ہیں اس لیے انہیں داخلے کی اجازت نہیں ملی۔ ہم نے ان کو امارات کے ذریعے لانے کی کوشش کی لیکن پھر یہ فیصلہ آگیا۔ میں بہت مایوس ہوں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’وہ اپنی ساری زندگی یہاں مقیم رہے۔ ان کے پاس یہاں کام اور ذمہ داریاں ہیں۔ ان کے یہاں واپس آنے کے لیے ہمیں راستہ ڈھونڈنا ہوگا لیکن ہر راستہ مشکل اور مہنگا ہے۔ میں امید ہی کر سکتی ہوں کہ ہم جلد ہی کوئی حل نکالیں۔‘

سفری پابندیوں کے اعلان کے بعد سعودی شہری امارات سے واپسی کر رہے ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)

25 سالہ ریناد شیریف تقریباً تین سال سے دبئی میں مقیم ہیں اور نو ماہ سے زیادہ عرصے سے جدہ میں اپنی دادی سے نہیں ملیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’ہم پہلے ہی سے ٹکٹ اور سب کچھ بک کر چکے ہیں۔ وہ اس ہفتے کے آخر میں آنے والی تھیں اور مجھے ان کے ساتھ جدہ جانا تھا لیکن ظاہر ہے کہ اب ایسا نہیں ہوگا۔‘
شیریف نے کہا وہ ان پابندیوں سے مایوس ہیں لیکن ان کی ضرورت کو بھی سمجھتی ہیں۔

سعودی شہریوں کی فوری وطن واپسی کےلیے السعودیہ کی 23 پروازوں کو شیڈول کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

’یہ افسوسناک ہے کہ میں اپنی دادی کو نہیں دیکھ پاؤں گی لیکن میں یہ بھی نہیں چاہوں گی کہ ان کو یہاں انفیکشن کا خطرہ ہو اور یہاں کورونا کی نئی قسم ڈیلٹا بھی ہے۔ ان کے لیے جدہ میں رہنا محفوظ ہوگا۔ تو اس کو سمجھنا واضح ہے۔‘
سعودی ایئرلائن نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے سٹیٹس، نئے اعلانات اور دیگر تبدیلیوں سے متعلق خود کو اپڈیٹ کرتے رہیں۔
17 مئی سے ویکسین شدہ اور کورونا سے صحتیاب سعودی شہریوں کو کچھ مخصوص ممالک جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

شیئر: