Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ایئرپورٹ پر میورل پینٹنگ کے ذریعے حج کے تاریخی سفر کی عکاسی

میورل ایئرپورٹ کے مسافروں کی آمد والے ہال میں لگایا گیا ہے جہاں قومی اور بین الاقوامی مسافر اسے دیکھ سکتے ہیں (فوٹو: سپلائیڈ)
ہزار ہا سال سے دنیا بھر سے زائرین حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے مکہ شہر کا رخ کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کے جدہ میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی دیوار پر کیے گئے آرٹ ورک میں اس فریضے کی ادائیگی کے لیے آنے والے زائرین کی عکاسی کی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایئرپورٹ کی دیوار پر 36 میٹر تک پھیلے ہوئے اس آرٹ ورک میں زائرین کا جنوب سے العلا سے گزرتے ہوئے سرزمین پر پہنچنے، بحیرہ احمر کی بندرگاہ سے متصل شہروں کے ساتھ ساتھ کشتیوں پر سوار ہر کر سفر سے لے کر جدید دور میں زائرین کی ہوائی جہازوں کے ذریعے حج ٹرمینل پر آمد تک سفری تاریخ کو دکھایا گیا ہے۔
سعودی آرٹسٹ محمد الرابط نے اپنی اس پینٹنگ میں پرانی بندرگاہ اور پرانے ایئرپورٹس کے قریب جدہ کے قدیم شہری علاقوں کی بھی منظرکشی کی ہے۔ کچھ پرانے سعودی جہاز کے بیڑے، مختلف جگہوں سے دکھائی دیتی مسجدالحرام، اور مملکت میں تہذیب و تمدن اور خوشحالی کی عکاسی کی گئی ہے۔

آرٹ ورک میں زائرین اور حج کے مقدس فریضے کی عکاسی کی گئی ہے (فوٹو: سپلائیڈ)

یہ میورل ایئرپورٹ کے مسافروں کی آمد والے ہال میں لگایا گیا ہے جہاں قومی اور بین الاقوامی مسافر اسے دیکھ سکتے ہیں۔
الرابط نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’جب کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سالوں پہلے تعمیر شروع ہوئی تھی تو مجھے اس کے لیے میورل بنانے کا خیال آیا تھا۔ بہت سے دوسرے آئیڈیاز بھی تھے لیکن میں نے حج کے سفر کو چنا اور آٹھ مہینے اپنے سٹوڈیو مین اس پر کام کیا جس میں میں نے حج کے سفر کے اہم مراحل کو دکھایا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے سلک سکرین پینٹنگ کی تکنیک سے  سرزمین پر پہنچنے والے زائرین کے اونٹوں پر سفر کو دکھایا ہے۔‘

سعودی آرٹسٹ نے بتایا کہ انہوں نے میورل میں حج کے سفر کے اہم مراحل کو دکھایا ہے (فوٹو: سپلائیڈ)

سعودی آرٹسٹ نے کہا کہ ’ایئرپورٹس دنیا بھر میں ملکوں کی اہم سہولیات میں سے ایک ہے جن کا مقصد صرف ملک میں پہنچنے یا اسے چھوڑ کر جانے والے مسافروں تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ یہ کسی بھی ملک کی ثقافت کے مظہر بھی ہیں۔‘
یہ سفر جو مسلمانوں کے دلوں کے قریب ہے ہمیشہ فنکاروں کے لیے دلچسپ موضوع رہے گا جسے وہ اپنے فن کے مطابق اجاگر کرتے رہیں گے۔

شیئر: