Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراقی ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعہ پر سعودی عرب کا اظہار افسوس

عراق اور اس کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت خارجہ نے عراق کے گورنریٹ دی قار کے الحسین ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الحسین ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد 92 تک پہنچ گئی ہے۔
دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ سعودی قیادت اور عوام کو آتشزدگی کے اس واقعے پر افسوس ہے۔ ہلاک شدگان کے اعزہ سے تعزیت اور زخمیوںکی فوری صحتیابی کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔  
سعودی دفتر خارجہ نے اس اندوہناک واقعے پر عراق اور اس کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
یاد رہےکہ جنوبی عراق کے شہر ناصریہ کے ہسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ پیر کی شب  پیش آیا تھا۔ کورونا سے متاثر مریضوں کے ایک آئسولیشن سینٹر میں آگ لگنے سے ہلاکتیں ہوئیں۔
عرب نیوز کے مطابق عراقی وزیر اعظم نے آتشزدگی کی اعلی سطح پر تحقیقات کے لیے حکومتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزرا اور سیکیورٹی حکام کو فوری طور پر ناصریہ روانہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے ذی قار گورنریٹ کے محکمہ صحت، ہسپتال اور شہری دفاع کے ڈائریکٹرز کو معطل کرنے اور انہیں حراست میں لے کر شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ بھی جاری کیا ہے۔

شیئر: