Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان اور طائف میں سیلاب، 3 افراد ہلاک، بارش کا امکان

محکمہ شہری دفاع نے طوفانی بارشوں کے باعث وادیوں کے سفر کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے‘ (فوٹو: طقس العرب)
جازان میں سیلابی ریلے کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ طائف میں سیلاب میں بہہ کر ایک خاندان سے تعلق رکھنے والے تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طائف کے مرکز قیا کے دیہی علاقے میں طوفانی بارش ہوئی ہے جس کے باعث وادی میں سیلابی ریلہ ہوگیا۔
امدادی ٹیموں کی اطلاع کے مطابق ریلے میں ایک خاندان سے تعلق رکھنے والے تین افراد ہلاک ہوگئے۔
محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’ہلاک ہونے والا خاندان وادی عبور کر رہا تھا جب سیلابی ریلے میں پھنس گیا۔‘
’ان کی گاڑی مکمل طور پر ڈوب گئی، گاڑی میں باپ سمیت دو بیٹیاں تھیں جو موقع پر ہلاک ہوگئیں۔‘
ادھر جازان میں محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’طوفانی بارشوں کے باعث وادیوں کا سفر انتہائی خطرناک ہے۔‘
’گزشتہ روز سیلابی ریلے میں ایک گاڑی پھنس گئی تھی تاہم اس میں سوار افراد کو آخری وقت میں بچالیا گیا۔‘
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ، ریاض اور عسیر ریجن میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کا امکان ہے۔‘
’مکہ مکرمہ ریجن کے اللیث علاقے میں خاص طور پر موسلاھار بارش کے علاوہ گرد وغبار کے طوفان کا بھی امکان ہے۔‘
دریں اثنا وزارت ماحولیات، پانی وزراعت نے جمعہ کو ہونے والی بارش کے اعداد وشمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جازان کے علاقے العارضہ میں جبل سلا پر 135 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔‘
’اسی طرح جازان کے سد ضمد پر 77.5 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ عسیر کے وادی ذہب پر 36.2 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔‘

شیئر: