Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم کی صورتحال: کئی علاقوں میں بارش اور سیلاب کا امکان

تیز ہوائیں چلیں گی اور ژالہ باری بھی متوقع ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’ سنیچر کو مملکت کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ  بارش جبکہ نجران، جازان، عسیر اور باحہ میں بارش سے سیلاب آنے کا امکان ہے‘۔  
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ ’ ان علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی اور ژالہ باری بھی متوقع ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے ’مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں اور ریاض کے جنوبی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ الشرقیہ اور ریاض میں گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوجائے گی‘۔
’غبار آلود ہواؤں کا سلسلہ نجران کےعلاوہ جنوب مغرب کے پہاڑی مقامات کے مشرقی علاقوں تک پہنچ جائے گا۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجن بھی اس کی لپیٹ میں ہوں گے‘۔ 
سنیچر کو انتہائی درجہ حرارت دمام، حفر الباطن اور الاحسا میں  45 سینٹی گریڈ جبکہ السودہ میں 14 سینٹی گریڈ رہے گا۔  
موسمیات کے  قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ سعودی عرب میں اگست سب سے گرم مہینہ مانا جاتا ہے۔ ساحلی مقامات پر درجہ حرارت انتہا کو پہنچ جائے گا اور رطوبت زیادہ ہوگی‘۔

ریاض میں بارش سے الدخل محلے میں سیلاب کی صورتحال ہے(فوٹو عاجل)

انہوں نے کہا کہ ’عام طور پر موسم گرما کے دوران جازان، طائف، باحہ، تبوک اور الوجہ کی ساحلی پٹی پر بارش کا امکان رہتا ہے‘۔
علاوہ ازیں جمعے کو جنوبی ریاض کی الافلاج اور وادی الدواسر کمشنریوں کو جوڑنے والی سڑک سیلاب کے دھارے سے کٹ گئی۔
ریاض میں بارش سے الدخل محلے میں سیلاب کی صورتحال ہے۔ اس کی وڈیو وائرل ہے۔ بارش سے الافلاج میں جگہ جگہ جھیلیں بن گئی ہیں۔

شیئر: