Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فیصل بن فرحان ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایک روزہ دورے پر منگل کو اسلام آباد پہنچے۔
اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس پر وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی، وزارت خارجہ کے حکام اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ان کو خوش آمدید کہا۔
منگل کو وزارتِ خارجہ آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کو خوش آمدید کہا۔
وزارت خارجہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ہیں۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق سعودی وفد کی قیادت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔
وزارت خارجہ کے مطابق ’ان مذاکرات میں دوطرفہ اور کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور زیر بحث آئے۔
اس سے پہلے اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس پر وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی، وزارت خارجہ کے حکام اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ان کو خوش آمدید کہا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے ہمراہ سعودی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران کا وفد موجود ہے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ باہمی تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے رواں سال مئی میں وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران سیاسی، معاشی، تجارتی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فروری 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ 20 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر ہونے والی ملاقاتوں کا تسلسل ہے جس کا آغاز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے ہوا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔‘

شیئر: