پاکستانی خطاط شفیق الزماں: امام کعبہ نے کہا ’یہ خطاط مسجد نبوی ہیں، یہ بہت عظیم رتبہ ہے‘
پیر 16 نومبر 2026 5:15
خالد خورشید -اردو نیوز، جدہ
شفیق الزماں 36 برسوں سے مسجد نبوی کے قدیم حصے میں خطاطی کر رہے ہیں( فوٹو: اردو نیوز)
خطاط مسجد نبوی استاد شفیق الزماں 36 برسوں سے مسجد نبوی کے قدیم حصے میں ترک دور کے گنبدوں پر قرآنی آیات کی خطاطی کے ساتھ روضہ رسول، مسجد نبوی کے در و دیوار اور دروازوں کے ناموں کی خطاطی کا کام کر رہے ہیں۔
اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ’اب بھی مسجد نبوی میں خطاطی کا کافی کام باقی ہے جسے دن رات لگا کر مکمل کیا جا رہا ہے۔‘
پاکستان سے تعلق رکھنے والے شفیق الزماں نے خطاطی کسی استاد سے نہیں سکیھی لیکن وہ اپنے دور کے عظیم ترک خطاط استاد حامد الامدی کو اپنا روحانی استاد مانتے ہیں۔
خواہش تھی کہ ان کی خطاطی کا کوئی ایک کتبہ مساجد نبوی میں لگے۔ ایک وقت آیا کہ مسجد نبوی کے درو دیوار خطاطی کے لیے ان کے حوالے کر دیے گئے۔
استاد شفیق الزماں کو روضہ رسول پر نصب قرآنی آیات کی تین پینل خطاطی کے بعد اپنے ہاتھوں سے نصب کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
ان کے مطابق ’اس کام میں ڈیڑھ برس لگا۔ ایک ایک پینل کی تیاری میں چھ ماہ صرف ہوئے۔ ان پینلز پر 24 قیراط سونے کی روشنائی سے خطاطی کی گئی ہے۔‘

انہوں نے کہا’ مسجد نبوی کے لیے خطاطی نہ صرف میرے لیے بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔‘
’جب روضہ رسول پر خطاطی کے پینل اپنے ہاتھوں سے نصب کیے تو آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔ اس وقت جو کیفیت تھی وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔‘
پاکستانی خطاط کا کہنا تھا ’ایک دن امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس کے ساتھ مسجد نبوی میں روضہ رسول کے سامنے کھڑے تھے۔ امام کعبہ نے کہا ماشا اللہ، یہ روضہ رسول پر سارا کام پاکستانی خطاط کا ہے۔ یہ خطاط مسجد رسول اللہ ہیں، یہ بہت عظیم رتبہ ہے۔‘

ان کے مطابق’ امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے بہت دعائیں دیں، وہ میرے کام سے بہت متاثر ہیں۔‘
ایک سوال پر انہوں نے بتایا ’اب روضہ مبارک کے پینل کے لیے ایمبوز (ابھری ہوئی) خطاطی کر رہا ہوں۔ میرا یہ کام لانگ لائف ہوگا اور کم از کم 300 برس تک تو برقرار رہے گا۔‘
ان کا کہنا تھا ’ نئے پینلز کی تیاری کے لیے خطاطی کے حروف کو لیزر سسٹم سے کٹنگ کرکے ایمبوز کیا جا رہا ہے۔ یہ سٹیل کے گولڈ پلیٹڈ حروف ہیں۔ روضہ مبارک پر نئے پینل کا کام ایک سال تک مکمل ہونے کی امید ہے۔‘

پاکستان قونصلیٹ جدہ میں ’واحد‘ کے عنوان سے منعقدہ آرٹ ایگزیبشن استاد شفیق کے فن پارے بھی رکھے گئے جنہیں دیکھنے کے لیے سعودی شخصیات، سفارتکار اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد آتی رہی۔
استاد شفیق الزماں نے ایگزیبیشن میں رکھے گئے اپنے پانچ فن پاروں کے حوالے سے بھی اردو نیوز کو تفصیلی آگاہ کیا۔

ایک فن پارے کے بارے میں بتایا ’مدینہ منورہ خطاطوں کی نظر میں‘ کے عنوان سے ایک مقابلے کے لیے یہ فن پارہ تخلیق کیا۔ ایک دوسرا فن پارہ خط نستعلیق میں ہے جو خط فارسی کہلاتا ہے۔ اس میں سبحان ربی العظیم لکھا گیا ہے۔
ایک فن پارے پر ’نورہ علی نو‘ خط ثلث جلی مرکب ترکیب میں لکھا گیا ہے۔ ایک اور فن پارے پر شیخ البوصیری کے قصدیہ محمدیہ کی خطاطی کی گئی ہے، اسے لکھنے میں چھ ماہ لگے۔
