Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجھے اور میرے گھر والوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے: اداکار عثمان مختار

عثمان مختار نے بتایا کہ انہوں نے مذکورہ خاتون کے ساتھ 2016 میں میوزک ویڈیو پر کام کیا تھا (فوٹو: انسٹاگرام)
اداکار عثمان مختار نے ایک ساتھی خاتون آرٹسٹ پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
عثمان مختار نے اپنے انسٹاگرام پر ’مائے سٹوری‘ کے کیپشن کے ساتھ کچھ پوسٹس شیئر کیں جن میں انہوں نے لکھا کہ ’گذشتہ ڈیڑھ سال سے ایک خاتون مجھے ہراساں اور بلیک میل کر رہی ہیں جس کے بارے میں ایف آئی اے کو بتایا گیا۔ ‘
عثمان مختار کے مطابق ’جعلی ایڈریس ہونے کی وجہ سے ایف آئی اے خاتون تک رسائی میں ناکام رہی لیکن پھر سراغ لگانے میں کامیاب ہوگئی۔ لیکن یہ خاتون ابھی تک باز نہیں آئیں۔‘
عثمان مختار نے مزید لکھا کہ ’میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا، لیکن میری خواہش ہے کہ کچھ لوگ نتیجے پر پہنچنے سے پہلے اصل حقائق کا پتا لگائیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میرے گھر والوں خاص طور پر میری والدہ اور دوستوں کو ہراساں کر کے نشانہ بنایا گیا اور تکلیف دہ تبصرے کیے گئے۔ اس شخص کی وجہ سے میری ذہنی صحت متاثر ہوئی، میری بے چینی میری صحت کو متاثر کر رہی ہے۔ میں خاموش رہا لیکن اب میں تھک گیا ہوں۔‘
عثمان مختار نے مزید لکھا کہ ’میں چاہتا تھا مسئلہ خاموشی سے حل ہو جائے تاکہ خاتون کے بارے میں کوئی منفی تاثر نہ جائے لیکن میں مزید خاموش نہیں رہ سکتا کیونکہ میرے کردار کو مسلسل بدنام کیا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے مذکورہ خاتون کا نام تو نہیں ظاہر کیا لیکن یہ بتایا ہے کہ ’اس سے ایک شوٹنگ کے دوران اختلافات ہوئے اور کئی مرتبہ بحث بھی ہوئی۔‘

عثمان مختار نے مزید لکھا کہ ’میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا‘ (فوٹو: عثمان مختار انسٹاگرام)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اس پراجیکٹ سے علیحدہ ہو گئے تھے لیکن خاتون آرٹسٹ نے کچھ سال بعد سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں جھوٹے دعوے کیے اور ان کے خلاف پوسٹس کیں۔
عثمان مختار نے آخر میں یہ وضاحت بھی کی کہ وہ خواتین کی آزادی اظہار رائے کا احترام کرتے ہیں اور اگر کوئی خاتون ہراساں ہونے سے متعلق آواز بلند اٹھاتی ہے تو وہ اپنے تجربے کے باوجود اس کا یقین کریں گے۔

شیئر: