Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’برسوں یاد رہیں گی‘، 2025 میں کن او ٹی ٹی سیریز نے ناظرین کو جکڑے رکھا؟

او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر ریلیز ہونے والی بعض سیریز کو بہت پسند کیا گیا (فوٹو: او ٹی ٹی ریٹنگ)
2025 کے دوران بعض فلموں ہی نہیں بلکہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر نشر ہونے والی سیریز نے بھی ناظرین کو اپنی گرفت میں لیے رکھا۔
انڈین اخبار ٹریبیون انڈیا نے ان سیریز کی فہرست شائع کی ہے جن کو بڑے پیمانے پر دیکھا اور پسند کیا گیا اور اس میں کام کرنے والے فنکاروں کی اداکاری کا بھی تجزیہ کیا ہے۔

فیملی مین سیزن 3

یہ فہرست میں سب سے اوپر جگہ پانے والی سیریز ہے جس میں ناظرین کا منوج باجپائی کو بطور سری کانت تیواڑی دیکھنے کا انتظار رواں برس نومبر میں ختم ہوا تھا۔
اس میں منوج باجپائی نے اس امر کو ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ان کو انڈیا کے بہترین اداکاروں میں سے ایک کیوں سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے اپنے رول میں ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والے شخص اور ایک ذہین انٹیلیجنس افسر کی مہارت کو بڑے متوازن انداز میں نبھایا ہے۔
 انہوں نے ایک ایسے شخص کی کمزوری، ذہانت اور عزم کو بڑے خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے جو اپنی قوم اور فیملی کو بچانے کے لیے نکلا ہے۔
ان کی پرفارمنس اس دائرے میں شامل ہے جو سال کے دوران سب سے زیادہ زیر بحث آنے والے کرداروں کے بارے میں ہے۔

فیملی مین تھری میں منوج باجپائی اپنے ’بہترین اداکار‘ کے تاثر کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے (فوٹو: ٹریبیون انڈیا)

پرائم ویڈیو پر ریلیز ہونے والی اس سیریز کے دیگر اداکاروں میں جیدیپ اہلاوت، نمرت کور اور شاریب ہاشمی شامل ہیں۔

پاتال لوک سیزن ٹو

امازون پرائم ویڈیو پر جنوری 2025 میں ریلیز ہونے والی اس سیریز میں جیدیپ اہلاوت نے انسپکٹر ہتھیرام چوہدری کا کردار نبھایا جس کو ناظرین ان کی اب تک کی سب سے متاثرکن کارکردگی قرار دے رہے ہیں۔
سیزن ٹو میں ان کے کردار میں اس گہرائی دکھائی دی کہ ناقدین بھی اس کو ’طاقتور ترین‘ کارکردگی کے طور پر تسلیم کر رہے ہیں۔

پاتال لوک سیزن ٹو میں جیدیپ اہلاوت نے انسپکٹر ہتھیرام چوہدری کا کردار نبھایا ہے (فوٹو: ٹریبیون انڈیا)

وہ ایک بے حس سسٹم میں انصاف کے لیے لڑتے ہوئے بہترین انداز میں آگے بڑھتے ہیں اور اسی پرفارمنس نے ہی ان کو میلبورن 2025 کے انڈین فلم فیسٹیول میں بہترین اداکار کا ایوارڈ دلوایا۔
اس کے دیگر فنکاروں میں ایشوک سنگھ، تلوتا شوم، گل پناگ اور نگیش کوکونور شامل ہیں۔

بلیک وارنٹ

10 جنوری کو ریلیز ہونے والی اس سیریز میں زاہان کپور کچھ اس طور سے ابھرے کہ سب کی نظر میں آ گئے۔
تہاڑ جیل کے ایک سپرنٹنڈنٹ کی یادداشتوں پر مبنی اس سیریز میں انہوں نے زبردست پرفارمنس دی ہے۔
ان کے کردار نے جیل کی تاریک زندگی، وہاں پیش آنے والے حالات اور ظالمانہ دنیا کی شاندار انداز میں منظرکشی کی۔

بلیک وارنٹ میں زاہان کپور کی پرفارمنس کو سراہا جا رہا ہے (فوٹو: نیٹ فلکس)

اس کردار کے بعد زاہان کپور کے بارے میں پیش گوئیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ مستقبل کے بڑے اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوں گے۔
  اس کے دیگر اداکاروں میں سدھانت گپتا، راہل بھٹ، میگھا برمن اور پرمویر چیمہ شامل ہیں۔

دہلی کرائم سیزن تھری

جرم و سزا پر مبنی یہ سیریز بھی شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی جس میں سیانی گپتا نے زبردست پرفارمنس پیش کی، ناقدین کا خیال ہے کہ ایک پیچیدہ کردار کو انہوں نے اس خوبصورتی سے نبھایا کہ سچ کا گمان ہوا۔
اس سیریز میں ںظام میں پائی جانے والی خرابیوں، سماجی کوتاہیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیانی گپتا نے بجا طور پر ثابت کر دیا ہے کہ ان کو سین سٹیلر کے طور پر کیوں جانا جاتا ہے۔
اس میں انہوں نے کُوسم نام کی لڑکی کا کردار ادا کیا جو دیکھنے والوں کے ذہنوں میں اب بھی موجود ہے اور اس پر بات ہوتی رہتی ہے۔

دہلی کرائم سیزن تھری میں نظام میں پائی جانے والی خرابیوں، سماجی کوتاہیوں کا احاطہ کیا گیا ہے (فوٹو: نیٹ فلکس)

مہارانی سیزن فور

نومبر میں ریلیز ہونے والی سیریز میں اداکارہ ہما قریشی مہارانی کے طور پر واپس آئیں، اس میں ان کا کردار ایک عام گھریلو خاتون سے طاقت ور وزیراعلیٰ بننے تک کے سفر پر مبنی ہے۔
اس میں ہما قریشی کی پرفارمنس کو نہ صرف سراہا جا رہا ہے بلکہ مردوں کے معاشرے میں عورت کی ہمت کو بھی اجاگر کیا ہے اور اس میں عورت کی کمزوریوں کے ساتھ ساتھ اس کے عزم کی بھی عکاسی کی گئی ہے۔
اس کی دیگر کاسٹ میں وپن شرما، سوہم شاہ، نیون کمار، شویتا باسو اور دوسرے فنکار شامل ہیں۔

نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی سیریز ’بیڈز آف بالی وڈ‘ کو شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے ڈائریکٹ کیا تھا (فوٹو: میڈیا فیڈ)

بیڈز آف بالی وڈ

ستمبر 2025  میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی سیریز کی خاص بات یہ تھی کہ اس کو شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے ڈائریکٹ کیا تھا جبکہ اس کی کہانی بھی انہوں نے ہی لکھی تھی، تاہم اس میں مین کردار رگھو جویال نے ادا کیا جو ان کے ڈانسنگ اور ہوسٹنگ بیک گراؤنڈ سے ایک اگلا قدم تھا اور انہوں نے اپنے فن اداکاری کو بھی بہترین انداز میں پیش کیا۔
اس سیریز میں انہوں نے یہ ثابت کیا کہ وہ ڈانسر یا انٹرٹینر ہی  نہیں ہیں بلکہ اور بھی بہت کچھ کرنا جانتے ہیں۔
اس میں شامل سات فنکاروں نے صرف پرفارمنس نہیں دی بلکہ ایسے کردار تخلیق کیے جن کو برسوں یاد رکھا جائے گا۔

 

شیئر: