Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہ راست پروازوں کا جنوری سے آغاز ہو گا

پی آئی اے نے آخری مرتبہ 2015 تک ڈھاکہ کے لیے براہ راست پر پروازیں چلائی تھیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازیں جنوری سے شروع ہو رہی ہیں۔
بنگلہ دیشی اخبار ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے عبوری حکومت کے سربراہ پروفسیر ڈاکٹر محمد یونس سے ڈھاکہ میں ملاقات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان جنوری سے براہ راست پروازیں شروع ہونے کی امید ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری اور ہوا بازی کے شعبوں میں وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ ثقافتی، تعلیمی اور طبی میدانوں کے لیے ماہرین ایک دوسرے کے ملک میں بھجوانے سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے دوسرے راستوں کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی تجارت میں پچھلے دو برس کے دوران 20 فیصد تک اضافہ ہوا ہے اور دونوں ممالک کی بزنس کمیونیٹیز ایک دوسرے کے ہاں سرمایہ کاری کے مزید مواقع بھی تلاش کر رہی ہیں۔
انہوں نے ثفاقت کے شعبے میں بھی نمایاں اضافے کو اجاگر کیا اور کہا کہ بنگلہ دیش کے طلبہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں خصوصاً میڈیکل سائنسز، نینو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے میدانوں میں۔
عمران حیدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ بنگلہ دیش سے معروف ہسپتالوں میں جگر اور گردوں کی پیوند کاری کے لیے پاکستان آنے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان بنگلہ دیشی طلبا کے لیے پیوند کاری سے متعلق طبی شعبوں میں تربیت اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

بنگلہ دیش نے فروری 2025 میں پاکستان کی نجی ایئرلائن ’فلائی جناح‘ کو کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہ راست پروازوں کی اجازت دی تھی (فوٹو: فلائی جناح

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے رابطوں کا خیرمقدم کیا اور سارک ممالک کے درمیان سفر  اور ایک دوسرے سے ثقافتی، تعلیمی اور عوام کے درمیان رابطے بڑھانے پر زور دیا۔
محمد یونس نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور امید ظاہر کہ پاکستان کے ہائی کمشنر حیدر کے دور میں دونوں ممالک سرمایہ کاری اور کاروباری اشتراکیت کی مزید راہوں کی طرف بڑھیں گے۔
خیال رہے بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کی حکومت کے خاتمے کے بعد ڈاکٹر محمد یونس کی عبوری حکومت میں پاکستان کے ساتھ برسوں سے تعطل کے شکار تعلقات میں غیرمعمولی گرم جوشی پیدا ہوئی ہے۔
رواں برس فروری میں بنگلہ دیش نے پاکستان کی نجی ایئرلائن فلائی جناح کو کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی تھی۔
بنگلہ دیشی اخبار ڈھاکہ سٹار کے مطابق تقریباً ایک دہائی کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہو جائیں گی۔
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے آخری مرتبہ 2015 تک ڈھاکہ کے لیے پر پروازیں چلائی تھیں۔

 

شیئر: