Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کن ممالک سے سیاح آ سکیں گے، سعودی محکمہ شہری ہوابازی کی وضاحت

ای گیٹ پر ویکسین سے متعلق اپنے ڈیٹا کا اندراج ضرور کرائیں(فائل فوٹو بلومبرگ)
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ ’سیاحتی ویزا ہولڈرز صرف ان ممالک سے سعودی عرب آسکیں گے جہاں سے آمد پر پابندی نہیں ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’وہی سیاح آسکیں گے جو سعودی عرب میں منظور شدہ کورونا ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں لے چکے ہوں گے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے مملکت میں موجود تمام فضائی کمپنیوں کو تحریری طور پر مطلع کردیا ہے کہ ’وہ وزارت صحت کی طرف سے منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی بھی ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے والے سیاحتی ویزا ہولڈرز کو سعودی عرب لاسکتی ہیں‘۔
محکمہ شہری ہوابازی نے فضائی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ’ وہ نئے ای گیٹ پر ویکسین کی خوراکوں سے متعلق ڈیٹا کا اندراج ضرور کرائیں‘۔ 
ڈیٹا کا اندراج  اس لنک کے ذریعے کرایا جا سکتا ہے https://muqeem.sa/#/vaccine-registration/home
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ضوابط کے تحت سعودی عرب کے دروازے اتوار یکم اگست سے سیاحوں کے لیے کھول دیے جائیں گے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی وزارتِ سیاحت نے اعلان کیا تھا کہ وہ مسافر جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی ہیں انہیں قرنطینہ کے بغیر مملکت میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اس کے لیے انہیں صرف اپنے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی ضرورت ہوگی۔
 مختلف ممالک سے طے شدہ معیار پر پورا اترنے والے سیاح یکم اگست سے سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے۔
منظور شدہ ویکسینز میں فائزر، ایسٹرا زینیکا اور موڈرنا شامل ہیں۔
 مسافروں کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ اپنی ویکسین کی خوراک سے متعلق معلومات اس مقصد کے لیے بنائے گئے نئے الیکٹرانک پورٹل میں داخل کروائیں۔
ان کا ڈیٹا ’توکلنا‘ ایپلی کیشن پر بھی ریکارڈ کیا جائے گا اور اسے مملکت میں دیگر جگہوں میں داخلے کے لیے دکھانا ہوگا۔

 

شیئر: