Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحتی ویزے پر سعودی عرب آنے والے عمرہ بھی کرسکیں گے

سیاح 90 دن سعودی عرب میں گزار سکیں گے (فائل فوٹو: روئٹرز)
سعودی حکام نے سیاحتی ویزے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی ہیں۔ کورونا وبا کے ڈیڑھ برس بعد 49 ممالک غیرملکیوں کے لیے سیاحتی ویزے کھول دیے گئے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب نے نئے سیاحتی ویزے کے لیے ای ویب سائٹ مخصوص کی ہے۔ ویزے کی تمام کارروائی آن لائن کی جائے گی۔
ای سیاحتی ویزہ ملٹی پل اور ایک برس کے لیے موثر ہوگا۔ اس کے تحت ایک بار آنے پر سیاح 90 دن سعودی عرب میں گزار سکیں گے۔ سیاحتی پروگراموں میں حصہ لے سکیں گے اور عمرہ ادا کرسکیں گے۔
سعود عرب آنے والے سیاحوں کو کورونا ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی۔
سعودی عرب اس حوالے سے یہ پابندی لگائے ہوئے ہے کہ مملکت میں منظور شدہ ویکسینز میں سے کسی ایک ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں لی جا چکی ہوں۔ پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنے پر ای سیاحتی ویزا جاری کیا جائے گا۔
سعودی عرب نے سیاحتی ویزے کے اجرا کے لیے ویب سائٹ پر سیاحت اور عمرہ پروگراموں کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔
ویب سائٹ پر مملکت کے سیاحتی، تاریخی اور تفریحی مقامات کے بارے میں ضروری معلومات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔
سعودی عرب ابہا کے پہاڑوں سے لے کر بحیرہ احمر کے ساحلوں اور ربع خالی کے متحرک صحرا تک بے شمار تاریخی، ثقافتی اور تفریحی مقامات سے مالا مال ہے۔

شیئر: