قصیم ریجن میں مکانات کے باہر پھول دار پودے لگانے کا بڑھتا رجحان
مقامی آب و ہوا سے مطابقت رکھنے والے پودوں کی 55 سے زائد اقسام ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن میں مکانات کے باہر رنگ برنگے پھول دار پودوں کے لگانے کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ریجن کے مختلف علاقوں میں رہنے والے اپنے گھروں کے بیرونی منظر کو خوبصورت بنانے کے لیے پودے لگا رہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ریجن کے مختلف محلوں کے باسی گھروں کی اندرونی سجاوٹ کے علاوہ اب بیرونی آرائش پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔
گھروں کے مرکزی دروازے اور بیرونی دیوار کے ساتھ کیاریاں بنا کر ان میں رنگ برنگے پھولوں کے پودے اُگائے جا رہے ہیں جن سے نہ صرف گھر کا بیرونی منظر بلکہ محلے بھی خوبصورت بن رہے ہیں۔
اکثر لوگ اپنے گھروں کی بیرونی دیواروں کو دلکش بنانے کے لیے پھول دار بیلوں کا انتخاب کرتے ہیں جن سے دیوار سبز پتوں اور رنگ برنگے پھولوں سے سج جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ریحان، گلاب، جیسمین، چنبیلی، لیونڈر اور موسمی سجاوٹی پودے بھی اُگائے جاتے ہیں۔
اس ضمن میں علاقے کی ایک نرسری کے مالک نے بتایا کہ قصیم ریجن میں مقامی آب و ہوا سے مطابقت رکھنے والے خوشنما پودوں کی 55 سے زائد اقسام ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گھروں میں سبزہ زار اور آرائشی جگہیں تیار کرنے کے لیے اس نباتاتی تنوع سے بھرپور طریقے سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اور ایسی اقسام منتخب کی جا سکتی ہیں جو خوبصورتی کے ساتھ ساتھ مقامی موسمی حالات بھی برداشت کرنے کی صلاحیت کی حامل ہوں۔
ایک اور نرسری میں کام کرنے والے کا کہنا تھا کہ گھروں کے چھوٹے سے داخلی راستے کو خوبصورت سبز گوشے میں تبدیل کرنے کے لیے باقاعدہ باغ بنانا ضروری نہیں۔
چند ایسے پودوں کا انتخاب کافی ہے جن کے رنگ اور سائز ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہوں اور جنہیں داخلی راستے کی جگہ اور ڈیزائن کے مطابق مناسب انداز میں رکھا جائے۔
