Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایتھلیٹ مازن الیاسین ٹوکیو اولمپکس سے باہر

دوسرے سیمی فائنل میں چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے(فوٹوٹوئٹر)
سعودی ایتھلیٹ مازن الیاسین جاپانی دارالحکومت کے اولمپک سٹیڈیم میں دوسرے سیمی فائنل میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد ٹوکیو اولمپکس 2020 میں مردوں کی 400 میٹر دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق 25 سالہ مازن الیاسین 45.37 سیکنڈ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود اب جمعرات کو ہونے والے فائنل سے باہر ہو گئے ہیں۔
امریکہ کے مائیکل چیری اور جمیکا کے کرسٹوفر ٹیلر پہلے اور دوسرے نمبر پر رہے۔ آسٹریلیا کے سٹیون سلیمان  مازن الیاسین سے 0.22 سیکنڈ کے فرق سے آگے رہے اور تیسرے نمبر پر آئے۔
مازن الیاسین نے اتوار کو 45.16 سیکنڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیلجیئم کے کیون بورلی اور سوئٹزرلینڈ کے رکی پیٹروسیانی سے پہلے دوڑ کو ختم کیا تھا۔
مازن الیاسین کو دو جولائی کو اولمپکس کے لیے کال موصول ہوئی اور وہ ٹوکیو اولمپکس میں اپنی جگہ کی تصدیق کرنے والے سعودی عرب کے 33 کھلاڑیوں میں سے آخری تھے۔
ان کے ٹوکیو اولمپکس 2020 سے باہر ہونے کا مطلب یہ ہے کہ طارق حمدی جو جمعے کو کراٹے کی 75 کلو گرام کیٹیگری میں حصہ لیں گے اولمپکس میں آخری سعودی کھلاڑی ہیں۔
واضح رہے کہ مازن الیاسین نے 2013 میں یوکرین میں ورلڈ یوتھ چیمپئن شپ میں سعودی عرب کی نمائندگی کی اور اسی سال انڈونیشیا میں اسلامی یکجہتی کھیلوں میں 400 میٹر ریلے میں طلائی اور تائیوان میں ایشین جونیئر گیمز میں انفرادی 400 میٹر میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

ایشین گیمز میں 400 میٹر ریلے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا(فوٹو ٹوئٹر)

مازن الیاسین نے 2015 میں چین میں ہونے والی ایشین گیمز میں 400 میٹر ریلے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
2017 میں الیاسین کی انفرادی کارکردگی میں بہتری آئی جس میں انہوں نے تیونس میں عرب چیمپئن شپ میں 400 میٹر انفرادی دوڑ میں چاندی اور ریلے میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
انہوں نے اسی سال ترکمانستان میں ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز میں ایک اور چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

شیئر: